کمالیہ(نامہ نگار)جیسے ہی گرمیوں کا موسم شروع ہوا ہے ، کمالیہ میں مٹی کے بنے ہوئے مٹکوں کی مانگ میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ۔ قدرتی طریقے سے پانی کو ٹھنڈا رکھنے والے یہ مٹکے نہ صرف کمالیہ کے مقامی بازاروں میں فروخت ہو رہے ہیں بلکہ ملک کے دیگر دور دراز علاقوں تک بھی بھیجے جا رہے ہیں۔ یہاں کے ماہر کاریگر خاص قسم کی مٹی اور مخصوص تکنیکوں کا استعمال کرتے ہوئے ایسے مٹکے تیار کرتے ہیں جو نہ صرف پانی کو ٹھنڈا رکھتے ہیں بلکہ اپنی مضبوطی اور خوبصورتی کے سبب بھی خریداروں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔مارکیٹ میں اب سادہ مٹکوں کے ساتھ ساتھ رنگین اور شیشے سے مزین مٹکے بھی دستیاب ہیں جو گھروں کی سجاوٹ میں بھی خوبصورتی کا اضافہ کرتے ہیں۔ مختلف ڈیزائن ، رنگوں اور سائز میں دستیاب یہ مٹکے شہری اور دیہی دونوں علاقوں میں مقبول ہو رہے ہیں۔



