کیا اسپورٹیج کی قیمت میں 18لاکھ روپے کی کمی

اسلام آباد (بیوروچیف) گاڑیوں کے شوقین افراد کی سنی گئی،لگژری گاڑی کا خواب اب پورا کریں،کار ساز کمپنی نے کیا کی قیمت میں ساڑھے 18لاکھ روپے کی کمی کردی ۔ کیا موٹرز کمپنی نیپاکستان میں اپنی کمپیکٹ ایس یو وی (SUV) اسپورٹیج ایل لائن اپ کی قیمتوں میں 18لاکھ 51ہزار روپے تک کی کمی کردی ہے جس کا باقاعدہ نوٹیفیکیشن بھی جاری کیا گیا ہے،کمپنی کے اعلامیے کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق یکم مئی 2025 سے کر دیاگیا ہے۔ اسپورٹیج ایل ایچ ای وی کی قیمت 1کروڑ 28لاکھ 50ہزار روپے سے کم ہوکر 1کروڑ 9لاکھ 99ہزار روپے ہوگئی ہے، یعنی 18لاکھ 51ہزار روپے کی عارضی رعایت دی گئی ہے۔ اسی طرح اسپورٹیج ایل ایف ڈبلیو ڈی کی قیمت اب 99لاکھ 99ہزار روپے ہے جو پہلے 1 کروڑ 18 لاکھ 25 ہزار کی تھی، اس میں 18 لاکھ 26 ہزار روپے کی کمی کی گئی ہے۔ بنیادی ویریئنٹ، اسپورٹیج ایل الفا اب 84 لاکھ 99 ہزار روپے میں دستیاب ہوگی جبکہ اس کی پرانی قیمت 94 لاکھ 99 ہزار روپے تھی۔ آٹومیکر کا کہنا ہے کہ یہ اقدام کیا موٹرز کی جانب سے شاندار ڈیزائن، پرفارمنس، ٹیکنالوجی اور سیفٹی کے ساتھ پریمیم گاڑیاں فراہم کرنے کے عزم کی تصدیق کرتا ہے۔ اس کے برعکس پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ (پی ایس ایم سی ایل) جس نے فروری میں مختلف ماڈلز کی قیمتوں میں ایک لاکھ 20 ہزار روپے تک کا اضافہ کیا تھا، پاک سوزوکی موٹر کمپنی نے متعدد ماڈلز کی قیمتوں میں نیا اضافہ جاری کیا۔کمپنی نے سوزوکی سوئفٹ جی ایل ایم ٹی ماڈل کی نئی قیمتوں کو 43 لاکھ 36 ہزار روپے سے 80 ہزار روپے اضافہ کرتے ہوئے 44 لاکھ 16 ہزار روپے تک مقرر کیا ہے، جس کا اطلاق 26 اپریل سے ہوگیا۔ سوزوکی کلٹس وی ایکس آر، وی ایکس ایل اور اے جی ایس ماڈلز کی قیمتوں کو بالترتیب 38 لاکھ 58 ہزار، 42 لاکھ 44 ہزار اور 45 لاکھ 46 ہزار روپے سے بڑھ کر بالترتیب 42 لاکھ 30 ہزار، 43 لاکھ 16 ہزار اور 46 لاکھ 18 ہزار روپے کیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں