لاہور (بیوروچیف) لاہور ہائیکورٹ نے سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے تدارک سے متعلق کیس کی گزشتہ سماعت کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا ہے۔ جسٹس شاہد کریم کی جانب سے جاری کردہ فیصلے میں رکشہ مینوفیکچررز اور ڈیلرز پر سخت شرائط عائد کرتے ہوئے ان پر لازم قرار دیا گیا ہے کہ وہ بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ کے کوئی رکشوں فروخت نہ کریں۔فیصلے کے مطابق محکمہ ٹرانسپورٹ نے عدالتی ہدایات کی روشنی میں رکشہ مینوفیکچررز سے مذاکرات کئے جس میں رکشہ مینوفیکچررز کو ہدایت کی گئی کہ بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ اور لائسنس کے کوئی رکشہ خریدار کے حوالے نہ کریں۔عدالت نے مزید حکم دیا ہے کہ شرائط و ضوابط پر عمل نہ کرنیوالے مینوفیکچررز کو جون 2025 کے بعد لائسنس میں توسیع نہ دی جائے۔فیصلے میں ایم اے او کالج کے گرانڈز سے متعلق بھی ایل ڈی اے کی رپورٹ کا ذکر کیا گیا ہے جسکے مطابق گرانڈز کو بحال کر کے کالج انتظامیہ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔




