کنال روڈ رفحان مل پل کی بندش نے قیمتی جان لے لی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کینال روڈ ایکسپریس وے پر رفحان مل پل کی بندش کے باعث تیز رفتار کار کی ٹکر لگنے سے موٹرسائیکل سوار نوجوان زندگی کی بازی ہار گیا، حادثے کا مرتکب ڈرائیور گاڑی سمیت فرار ہوا تو تیزرفتاری کے باعث ایک دوسری کار سے ٹکرا گیا، گاڑی بھی تباہ ہو گئی وہاں پر موجود لوگوں نے کار ڈرائیور کو پکڑ کر حوالہ پولیس کر دیا، پولیس مصروف تفتیش ہے۔ تفصیل کے مطابق ٹریفک پولیس کی طرف سے ایکسپریس وے پر 204چک کے بعد رفحان مل پل بھی بند کرنے سے حادثات میں اضافہ ہو گیا، تیز رفتاری اور ون وے کی خلاف ورزیاں روزمرہ کا معمول بن چکی ہیں۔ گزشتہ روز عبداﷲ پور گلی نمبر 23/25کے رہائشی عرفان گجراتی پکوان والے کا بھتیجا’ عمران کا جواں سالہ بیٹا صابر علی موٹرسائیکل پر جا رہا تھا کہ جب وہ ایکسپریس وے رفحان مل پل کے قریب رائلٹن مارکی کے قریب پہنچا تو ون وے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سامنے سے آنیوالی تیز رفتار کار نے کچل دیا اور ڈرائیور گاڑی سمیت موقع سے فرار ہوا تو کچھ فاصلہ پر ایک دوسری کار کو ٹکر مار دی، شہری کی نئی ویگنار گاڑی بری طرح تباہ ہو گئی تو موقع پر موجود افراد نے حادثے کے مرتکب ڈرائیور کو پکڑ کر حوالہ پولیس کر دیا جبکہ مضروب کو سنبھالا تو صابر علی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ چکا تھا، تاہم پولیس نے نعش تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں