کھانا نہ دینے پرSIاور اسکے بھائی کا ہوٹل مالک پر تشدد

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ سرگودھا روڈ کے علاقہ لاثانی پلی چوک میں کھانا نہ دینے پر سب انسپکٹر محسن غنی کے بھائی احسان غنی نے ہوٹل مالک ذیشان عرف شانی کو تشدد کا نشانہ بناتے فائرنگ کر دی، گولی اسے خود ہی لگ گئی، تاہم سب انسپکٹر محسن غنی نے موقع پر پہنچ کر نوجوان کو تھپڑ مارے جبکہ ڈولفن فورس نے مبینہ طورپر شراب کے نشہ میں دھت سب انسپکٹر محسن غنی کے بھائی کو پکڑنے کی بجائے فرار کروا دیا اور ملت ٹائون پولیس نے موقع پر گرنے والے پسٹل کو قبضہ میں لیکر کارروائی شروع کر دی۔ ہوٹل پر کھانے لینے کیلئے آنے والے سب انسپکٹر کے بھائی احسان غنی کی مبینہ طور پر شراب کے نشہ میں دھت ہو کر ہوٹل مالکان سے جھگڑا کرنے اور سب انسپکٹر محسن غنی کی ہوٹل مالک کو تھپڑ مارنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ سی پی او صاحبزادہ بلال عمر نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے کے الزام میں سب انسپکٹر محسن غنی کو معطل کر کے ایس پی مدینہ ٹائون کو انکوائری کر کے رپورٹ پیش کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔ سی پی او کا کہنا تھا کہ کسی بھی اہلکار کو اختیارات سے تجاوز کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں