دوران واردات مزاحمت پر اتھرے ڈاکوؤں نے باپ بیٹے کو گولیاں ماردیں

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ ڈی ٹائپ کالونی کے علاقہ منڈی کوارٹر میں اتھرے ڈاکوئوں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت کرنے پر باپ بیٹے کو گولیاں مار کر لہولہان کر دیا، زخمی باپ بیٹے کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال پہنچا دیا گیا، بڑھتی ہوئی وارداتوں پر علاقہ میں خوف وہراس پھیل گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ عاصم ٹائون کے رہائشی امجد علی ولد شوکت علی نے منڈی کوارٹر میں رحمت جیولرز کے نام سے دکان بنا رکھی ہے گزشتہ شب امجد علی اپنے جواں سالہ بیٹے محسن رضا کے ہمراہ دکان بند کر کے منڈی کوارٹر سے گھر آ رہے تھے کہ راستے میں ان کے تعاقب میں آنے والے ڈاکوئوں نے گھیر لیا اور مبینہ طور پر لوٹ مار کے دوران مزاحمت کرنے پر فائرنگ کر دی، گولیاں لگنے سے باپ بیٹا بری طرح زخمی ہو گئے تو مسلح ڈاکو ہوائی فائرنگ اور دھمکیاں دیتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے۔ بعدازاں مضروب باپ بیٹے کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس ناکہ بندیوں کے باوجود اتھرے ڈاکوئوں کو پکڑنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں