محلہ فاروق آباد میں کبوتر بازی پر جھگڑا،2قتل،6لہولہان

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ ڈی ٹائپ کالونی کے علاقہ محلہ فاروق آباد قبرستان والی گلی میں کبوتربازی کے جھگڑے پر دو گروپوں میں مسلح تصادم’ گولیاں لگنے سے خاتون سمیت دو افراد قتل اور باپ بیٹا سمیت 6افراد بری طرح زخمی ہو گئے، دوہرے قتل کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، ریسکیو1122 نے نعشوں کو پولیس کے حوالے کر کے زخمیوں کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال منتقل کر دیا، آر پی او ذیشان اصغر نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی پی او صاحبزادہ بلال عمر سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔ تفصیل کے مطابق ڈی ٹائپ کالونی کے علاقہ محلہ فاروق آباد قبرستان والی گلی میں کبوتروں کی بازی کی وجہ سے اچھو گروپ اور بھالو گروپ میں جھگڑا ہو گیا تو اسد عرف اچھو گروپ اپنے مسلح ساتھیوں کے ہمراہ مدثر وغیرہ نے یونس ولد یوسف کے گھر پر حملہ کر دیا اور فائرنگ کر کے خوف وہراس پھیلایا تو جوابی فائرنگ کے تبادلہ کے دوران گولیاں لگنے سے یونس ولد یوسف’ اسکی اہلیہ کنیزاں بی بی زوجہ یونس بری طرح زخمی ہو گئے، گولیوں کی زد میں آ کر ناصر المعروف کالا’ منظور ولد یونس’ اسد عرف اچھو گروپ کے مبشر ولد مزمل’ قاسم ولد خالق شفاقت’ 38سالہ محسن رضا’ 48سالہ نثار احمد’ 56سالہ امجد علی بری طرح زخمی ہو گئے، جبکہ کنیزاں بی بی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی زندگی کی بازی ہار گئی جبکہ دوسرے گروپ کا مبشر ڈوگر ولد مزمل بھی چل بسا۔ اطلاع ملتے ہی ایس پی اقبال ٹائون’ ڈی ایس پی بٹالہ کالونی’ ایس ایچ او تھانہ ڈی ٹائپ کالونی سمیت پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ ریسکیو1122 نے نعشوں کو پولیس کے حوالے کر کے زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ علاقہ میں خوف وہراس پھیل گیا۔ تاہم دوسرے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او نے سی پی او سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔ سی پی او فیصل آباد صاحبزادہ بلال عمر نے ایس پی اقبال ٹائون کی سربراہی میں مختلف ٹیمیں تشکیل دیتے ہوئے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں