بھارتی فلائٹ آپریشن متاثر

اسلام آباد (بیوروچیف) بھارت کے بزدلانہ حملے پر پاکستان نے بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا جس کے بعد بھارت کا فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر ہے اور کئی بڑے ائیر پورٹس بند کر دیے گئے ہیں۔بھارتی فوج نے رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملہ کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے علاقوں کوٹلی، مظفر آباد اور باغ کے علاوہ مریدکے اور احمد پور شرقیہ میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس میں 2مساجد شہید ہوئیں جبکہ ایک بچی سمیت 13 پاکستانی شہید اور 36زخمی ہوئے۔پاک فوج نے بھارتی بزدلانہ کارروائیوں کا بھرپور جواب دیتے ہوئے بھارتی فوج کے 3رافیل، ایک سکوئی، ایک مگ 29اور ایک ڈرون تباہ کر دیا جبکہ بھارتی فوج کا بریگیڈ ہیڈ کوارٹر بھی تباہ کر دیا۔پاک فوج کے بھرپور اور تابڑ توڑ حملے کے بعد بھارت نے لائن آف کنٹرول پر سفید جھنڈا لہرا کر شکست تسلیم کر لی۔رات کے اندھیرے میں کیے گئے بھارت کے حملے کے بعد پاکستان کے ائیرپورٹس پر فضائی آپریشن معطل کر دیا گیا ہے جبکہ کشیدہ صورت حال کے باعث بھارت نے بھی اپنے ہوائی اڈوں سے فلائٹ آپریشن بند کر دیا۔بھارت کے متاثرہ ہوائی اڈوں میں ریاست ہماچل پردیش کا دھرم شالہ ائیرپورٹ ، لیہہ، جموں اور سری نگر ائیر پورٹس، پنجاب میں امرتسر اور چندی گڑھ ائیرپورٹس پر فلائٹ آپریشن بند کر دیا گیا ہے۔اس کے علاوہ راجکوٹ، بھج، جام نگر اور بیکانیر میں پروازیں متاثر ہوئیں، بھارتی ائیر لائنز نے اپنی پروازیں منسوخ کرنے کے حوالے سے عوام کو سوشل میڈیا کے ذریعے آگاہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں