لوٹ مار کے دوران ملزم اپنے ساتھی کی گولی کا نشانہ بن گیا

کمالیہ(نامہ نگار)شہری سے لوٹ مار کے دوران ملزم اپنے ہی ساتھی کی گولی کا نشانہ بن گیا۔تفصیل کے مطابق تھانہ صدر کمالیہ کی حدود میں ڈکیتی کی واردات کے دوران ایک حیران کن واقعہ پیش آیا، جہاں ملزم اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا۔ پولیس کے مطابق اطلاع ملنے پر ایس ایچ او تھانہ صدر کمالیہ وسیم اسلم ہمراہ نفری موقع پر پہنچے تو شہری حاکم علی نے بتایا کہ وہ اپنے دوست شاہد عباس کے ہمراہ کمالیہ شہر سے 54/1 ٹکڑا جا رہا تھا کہ میکنانوالی چونگی کے قریب تین موٹر سائیکل سوار ملزمان نے اسلحہ کے زور پر روک کر 6 ہزار روپے نقدی، موبائل فون اور موٹر سائیکل چھین لیا۔ جب ایک ملزم اس کے دوست کی تلاشی لینے لگا تو اس نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملزم کو جپھا ڈال دیا، جس پر ایک ملزم نے فائر کر دیا، لیکن فائر اس کے اپنے ساتھی کی ٹانگ پر جا لگا، جس سے وہ موقع پر زخمی ہو کر گر گیا۔ باقی دونوں ملزمان اسکی موٹر سائیکل لے کر فرار ہو گئے ۔پولیس نے زخمی ملزم کو حراست میں لے کر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا۔ ابتدائی تفتیش میں زخمی ملزم کی شناخت نذیر ولد اللہ دتہ قوم اوڈھ سکنہ 194 گ ب کے طور پر ہوئی ہے جو پنجاب کے مختلف اضلاع میں سنگین مقدمات میں مطلوب تھا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے فرار ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں