نوسرباز گروہ نے شہری کو شادی کا جھانسہ دیکر لاکھوں کا چونا لگا دیا

ساہیوال (بیورو چیف ) نواحی چک 117 نو ایل میں ایک فوجی کے چھوٹے بھائی سلیم سے شادی کا جھانسہ دے کر نکاح کے بعد رخصتی اور بارات کے نام پر نوسر بازوں کا گروہ ایک لاکھ روپے نقدی اور چھ لاکھ 10 ہزار روپے کے زیورات لوٹ کر فرار ہو گیا ،مقدمہ درج۔ تفصیلات کے مطابق اسی چک کے نعیم نے اپنے چھوٹے بھائی سلیم کی شادی کی بات اپنے ایک دوست ندیم کے ساتھ کی تو ندیم نے نوسر بازوں کے گروہ کی سرغنہ بیوہ عورت پروین، نواز سے مل کر پروین کی بیٹی زاہرا سے رشتہ طے کرا دیا۔ جس کے بعد چک 120 نو ایل کمیر ملزمان 13 اپریل کو آ گئے اور نکاح رجسٹرار کے گھر میں بیٹھ کر نکاح پڑھایا گیا۔ نکاح نامے پر دستخط اور انگوٹھے ثبت کیے گئے اور رخصتی کی تاریخ 18 اپریل مقرر کر کے پروین، دولہن زاہرا، گواہ ندیم، گواہ نواز اور دولہا سلیم اور اس کا بھائی نعیم گھروں کو چلے گئے اور شرائط کے مطابق ایک لاکھ روپے نقدی اور 6لا کھ 10 ہزار روپے کے زیورات لے کر رفو چکر ہو گئے۔ جب دولہا بارات لے کر پہنچا تو گھر کو تالے لگے ہوئے تھے اور بارات واپس دولہن کے بغیرلوٹ گئی۔ جب پنچائیت ہوئی تو ندیم نے ایک دعوی تنسیخ نکاح با عنوان معافیہ بی بی عرف زاہرا بنام سلیم کی فوٹو کاپی تھمادی۔ پولیس کمیر نے نعیم کی مدعیت میں پروین، اس کی بیٹی زاہرا، ندیم اور نواز کے خلاف مقدمہ 419 اور 420 ت پ درج کر کے تفتیش شروع کردی ہے اور دو نوسر بازوں ندیم اور نو از کوگرفتار کر لیا ہے۔ ملزموں نے گروہ کی شکل میں نوسر بازی کی کئی وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔
ا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں