ضلع ٹوبہ میں ایمرجنسی صورتحال کے پیش نظر انتظامیہ ہائی الرٹ

: ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ممکنہ ایمرجنسی صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ مکمل طور پر ہائی الرٹ ہے۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو کی ہدایت پر انتظامی و امدادی اقدامات کو فوری طور پر متحرک کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے بروقت اور مثر انداز میں نمٹا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو نے رات گئے مختلف سرکاری ہسپتالوں کا دورہ کیا، جہاں ایمرجنسی وارڈز میں سہولتوں، ادویات، آلات اور عملے کی موجودگی کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے اس بات کو یقینی بنایا کہ تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی عملہ الرٹ اور تیار حالت میں موجود ہو۔ اسسٹنٹ کمشنرز نے بھی اپنی اپنی تحصیلوں میں ایمرجنسی پلان کا جائزہ لیا اور انتظامات کو حتمی شکل دی۔علاوہ ازیں، ریسکیو 1122 سمیت ضلعی سطح کے تمام ریلیف اور ریسکیو اداروں کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے رات گئے ریسکیو 1122 آفس کا دورہ کرتے ہوئے عملے کی تیاری اور دستیاب وسائل کا معائنہ کیا۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں، انتظامیہ سے تعاون کریں اور صرف مصدقہ ذرائع سے معلومات حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ جامع حکمت عملی کے تحت تمام محکمے مربوط انداز میں کام کر رہے ہیں تاکہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں