تیز رفتار کار کی موٹر سائیکل کو ٹکر،میاں بیوی جاں بحق،5سالہ بیٹا نہر میں جاگرا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کینال روڈ پر فیصل آباد چیمبر آف کامرس پل کے قریب تیز رفتار کار کی ٹکر لگنے سے موٹرسائیکل سوار میاں بیوی جاں بحق جبکہ اس کا پانچ سالہ بیٹا نہر میں جاگرا’ ریسکیو1122 کی ٹیموں نے نعشوں کو پولیس کے حوالے کر کے نہر میں گرنے والے بچے کی تلاش شروع کر دی۔ بتایا جاتا ہے کہ یوسف آباد گلی نمبر18 ڈھڈی والا کا رہائشی 35سالہ وارث علی’ اپنی اہلیہ 28سالہ سونیا بی بی اپنے پانچ سالہ بیٹے سبحان کے ہمراہ موٹرسائیکل پر جا رہے تھے کہ جب وہ کینال روڈ پر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری پل کے قریب پہنچے تو عقب سے آنیوالی تیز رفتار کار کی ٹکر لگنے سے میاں بیوی بری طرح زخمی ہو گئے اور حادثہ اتنا شدید تھا کہ 5سالہ سبحان موٹرسائیکل سے اچھل کر نہر میں جاگرا’ کار بھی بری طرح تباہ ہو گئی اور حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچی تو وارث علی موقع پر ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جبکہ اسکی اہلیہ سونیا بی بی کو ہسپتال لایا جا رہا تھا کہ وہ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔ جبکہ ریسکیو1122 نے بچہ کی نعش کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ بچے کے جوتے سڑک کنارے سے مل گئے۔ تاہم پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں