مختلف واقعات میں خاتون سمیت3افراد قتل،بیوپاری کو زہر دیکر مار دیا گیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) نامعلوم افراد نے چھریوں کے وار کر کے خاتون کو قتل اور شوہر کو لہولہان کر دیا’ مسلح ڈاکوئوں کی فائرنگ سے تاجر قتل’ نامعلوم افراد نے بیوپاری کو زہر دیکر مار ڈالا’ لاکھوں کے مویشی لے گئے جبکہ جائیداد کے تنازعہ پر مسلح افراد نے تشددکر کے مخالف کو موت کے گھاٹ اتار دیا، پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قاتلوں کی تلاش شروع کر دی۔ تفصیل کے مطابق تھانہ مدینہ ٹائون کے علاقہ 208چک کے رہائشی قیصر شہزاد نے بتایا کہ اس کے بہنوئی رائو عمران ولد ظہور سکنہ علی گارڈن نے مکہ کمرشل مارکیٹ میں دکان بنا رکھی ہے وہ رات کو دکان بند کر کے گھر آ رہا تھا کہ راستے میں نامعلوم 3مسلح افراد نے اسکو روکا اور لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر گولیاں مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔ دوسری واردات تھانہ رضاآباد کے علاقہ 218رب پروکیانوالہ میں ہوئی جہاں پر 40سالہ بیوپاری شہباز ولد نازک حسین مال مویشی چرانے کیلئے گھر سے گیا تو نامعلوم افراد نے اسکو زہریلی چیز کھلائی جسکی وجہ سے اس کی موت واقع ہو گئی تو اس کے لاکھوں روپے مالیت کے مویشی’ گائے وغیرہ لے اُڑے’ تھانہ سٹی تاندلیانوالہ کے علاقہ 608گ ب کے رہائشی لشکر علی نے بتایا کہ اسکی ہمشیرہ منزہ بی بی کی شادی 8سال قبل فاروق سکنہ 423گ ب سے ہوئی، وہ اپنی ہمشیرہ منزہ بی بی کو ملنے 423 گ ب گیا تو اس کے گھر سے دو نامعلوم افراد نکل رہے تھے اندر جا کر دیکھا تو اسکی ہمشیرہ منزہ بی بی اور بہنوئی فاروق خون میں لت پت پڑے تھے۔ منزہ بی بی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی جبکہ اسکا شوہر فاروق کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ علاوہ ازیں تھانہ صدر تاندلیانوالہ کے علاقہ 396گ ب کے رہائشی محبت علی نے بتایا کہ ان کا ملزمان شاہد وغیرہ سے جائیداد کی تقسیم کا جھگڑا چل رہا تھا تو جس پر ان کی بھائی نجابت علی سے تلخ کلامی ہوئی تو ملزمان نے تشدد کر کے بھائی نجابت علی کو موت کے گھاٹ اتار دیا، پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قاتل کی تلاش شروع کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں