صنعتی شہر فیصل آباد میں سڑکوں کا انفراسٹرکچربری طرح تباہ،پلوں ،مختلف شاہراہوں کی ٹوٹ پھوٹ سے ٹریفک نظام درہم برہم

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان کے دوسرے بڑے صنعتی شہر فیصل آباد میں سڑکوں کا انفراسٹرکچر بری طرح تباہ ہو گیا’ پلوں اور مختلف شاہراہوں کی ٹوٹ پھوٹ کی وجہ سے ٹریفک کا نظام درہم برہم اور حادثات کی شرح میں ہوشربا اضافہ۔ ”ڈیلی بزنس رپورٹ” کی نشاندہی پر ڈویژنل کمشنر مریم خان کا شہر کے پلوں اور ٹوٹی پھوٹی سڑکوں کا وزٹ اور اسکی درستگی کے احکامات ضلعی محکموں کے سربراہان نے ہوا میں اڑا دیئے۔ تفصیل کے مطابق ”ڈیلی بزنس رپورٹ” نے جھال خانوآنہ پل’ نشاط آباد پل’ ناولٹی پل سمیت شہر کی اہم سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ کی خبریں شائع کیں تو ڈویژنل کمشنر مریم خان نے چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن سید علی بخاری اور دیگر محکموں کے سربراہان کے ہمراہ پلوں اور سڑکوں کا وزٹ کر کے ان کو فوری درستگی کے احکامات جاری کئے لیکن ضلعی محکموں کے سربراہان کے کانوں تک جوں تک نہ رینگی۔ جھال خانوآنہ پل کے دونوں اطراف جوڑ ٹوٹنے سے نہ صرف قیمتی گاڑیوں کا نقصان ہو رہا ہے بلکہ ٹریفک کا جام رہنا بھی روزمرہ کا معمول بن چکا ہے۔ نشاط آباد پل اور ناولٹی پل بھی دونوں اطراف سے عرصہ دراز سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ جبکہ اہم شاہراہوں سمیت شہر کی اکثر سڑکیں جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار نظر آتی ہیں۔ جسکی وجہ سے ٹریفک کا جام رہنا روزمرہ کا معمول بن چکا ہے۔ ٹریفک وارڈنز ٹریفک کی بحالی کی بجائے ان کی توجہ شہریوں کی گاڑیوں’ کاروں’ موٹرسائیکلوں کے چالان کرنے پر مرکوز رہتی ہے۔ ماہانہ کروڑوں روپے چالانوں کی مد میں اکٹھا کرنے کے باوجود شہر کی تعمیر وترقی اور سڑکوں کی تعمیر ومرمت پر کوئی توجہ نہ دی ہے۔ میونسپل کارپوریشن کا عملہ بھی شہر کی بہتری کے لیے بھاری فنڈز کے باوجود سڑکوں’ گلیوں کی تعمیر کرنا تودرکنار ان کا پیچ ورک کرنا بھی گوارا نہیں کیا۔ حکمران جماعت کے ممبران اسمبلی’ ٹکٹ ہولڈرز بھی ضلعی انتظامیہ کے اس رویہ سے نالاں نظر آتے ہیں۔ ایسے لگتا ہے کہ فیصل آباد لاوارثان کا شہر بن چکا ہے۔ سرکاری محکموں کے افسران سوشل میڈیا کے ذریعے حکومت پنجاب کو سب اچھا کی رپورٹ دیتے ہیں اور صرف کاغذی کارروائیوں تک محدود ہیں۔ شہری حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف’ چیف سیکرٹری پنجاب’ کمشنر فیصل آباد مریم خان’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ اربوں روپے کا ریونیو دینے والے ملک کے دوسرے بڑے صنعتی شہر فیصل آباد کی حالت کو سدھارنے کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں۔ شہر کے پلوں اور بُری طرح تباہ ہونے والی سڑکوں کی فوری تعمیر ومرمت کروائی جائے تاکہ شہری سکھ کا سانس لے سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں