شوہر نے فائرنگ کرکے بیوی کو قتل ،بہن کو زخمی کر ڈالا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) گھریلو جھگڑے پر نشئی کی فائرنگ سے بیوی قتل’ بہن زخمی’ قاتلانہ حملوں میں 9سالہ لڑکی سمیت 4افراد لہولہان’ عدالتی احکامات کی تعمیل نہ کرنے پر ایس ایچ او سول لائن کیخلاف مقدمہ درج’ کاروباری معاملات پر دو شہریوں کیساتھ سوا کروڑ کا فراڈ’ نوسرباز ٹرائی کے بہانے شہری کی گاڑی لے اُڑا’ پولیس مصروف تفتیش ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ تھانہ لنڈیانوالہ کے علاقہ 630 گ ب میں گھریلو جھگڑے پر نشئی شوہر اعظم نے فائرنگ کر کے بیوی نسرین بی بی اور بہن کرن کو بری طرح زخمی کر دیا’ جنہیں تشویشناک حالت میں ہسپتال لایاگیا جہاں پر نسرین بی بی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی، پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قاتل شوہر کی تلاش شروع کر دی۔ تھانہ صدر کے علاقہ 209 رب میں دو گروپوں میں فائرنگ کے دوران گولی لگنے سے محنت کش قربان علی کی 9سالہ بیٹی حرم فاطمہ بری طرح زخمی ہو گئی’ جڑانوالہ کے علاقہ 99گ ب میں عداوت کی بناء پر ملزمان اﷲ دتہ وغیرہ نے مخالف اشفاق احمد’ 647 گ ب میں معمولی تلخ کلامی پر ملزمان توکل وغیرہ نے خاتون مہناز’ 58گ ب میں ملزمان سیف وغیرہ نے مخالف سلامت علی کو زخمی کر دیا’ ایڈیشنل سیشن جج اعجاز پرویز کے حکم پر عدالتی احکامات کی تعمیل نہ کرنے پر ایس ایچ او سول لائن علی اکبر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم جبکہ متاثرہ شہری حمزہ لیاقت نے ریلبازار پولیس کو درخواست گزارتے ہوئے بتایا کہ اس کے جاننے والے ملزم امجد نے کاروبار کیلئے 90لاکھ کی رقم لیکر جعلی چیک تھما دیا’ وارث پورہ کے رہائشی محمود نے بتایا کہ ملزمہ عشرت بی بی نے 35لاکھ ادھار رقم لیکر رفوچکر ہو گئی، مرضی پورہ کے ناصر نے بتایا کہ ملزمان شریف اور صدیق اسکی قیمتی گاڑی ٹرائی کے بہانے لیکر فرار ہو گئے’ پولیس نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے مقدمات درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں