کمالیہ کے رہائشی علاقوں میں مضر صحت پانی کی فراہمی سے امراض پھیلنے لگے

کمالیہ(نامہ نگار)فاضل دیوان، اسلام پورہ اور گلی سردار جیولرز میں مضر صحت پانی کا بحران، شہری بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں۔تفصیل کے مطابق کمالیہ کے گنجان آباد علاقوں محلہ فاضل دیوان، اسلام پورہ، اور گلی سردار جیولرز میں واٹر سپلائی کے ذریعے فراہم کیا جانیوالا پانی شہریوں کے لیے خطرہ بن چکا ہے ۔ مقامی رہائشیوں کے مطابق واٹر سپلائی کا پانی نہ صرف بدبودار اور گدلا ہے بلکہ اس میں مضر صحت اجزا کی آمیزش کی شکایات بھی مسلسل سامنے آ رہی ہیں۔اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ پانی کی موجودہ حالت کے باعث خواتین، بچے اور بزرگ مختلف اقسام کی معدے اور پیٹ کی بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ آئے روز قے ، اسہال، بدہضمی اور معدے کی دیگر پیچیدگیاں عام ہوتی جا رہی ہیں، مگر متعلقہ ادارے مکمل خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ ادارے فوری طور پر نوٹس لیں اور واٹر سپلائی لائنوں کی صفائی، فلٹریشن سسٹم کی مرمت اور صاف پانی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ متعدد بار شکایات درج کرا چکے ہیں مگر تاحال کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا، جس کی وجہ سے صورتحال مزید سنگین ہوتی جا رہی ہے ۔شہریوں نے اعلی حکام، بالخصوص ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ اور اسسٹنٹ کمشنر کمالیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سنگین معاملے کا فوری نوٹس لیں تاکہ عوام کو صاف پانی جیسی بنیادی سہولت میسر آسکے اور بیماریوں کے پھیلا کو روکا جا سکے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں