با عزت طریقے سے ریٹائرمنٹ خدا کی طرف سے ایک تحفہ ہے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل (ایچ آر) فیسکو غلام مجتبیٰ نے کہا ہے کہ مدت ملازمت پوری کرنے کے بعد باعزت طریقے سے ریٹائرمنٹ خدا کی طرف سے ایک تحفے سے کم نہیں ہے وہ ڈپٹی ڈائریکٹر (اے اینڈایس) فیسکوساجد محمود کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر منعقدہ الوداعی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ دوران خطاب انھوں نے ریٹائرڈ ہونے والے ڈپٹی ڈائریکٹر (اے اینڈ ایس) فیسکوساجدمحمود کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اوران کی شخصیت اور کام کے حوالے سے روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے کام میں انتہائی مہارت رکھتے تھے اوربھرپور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے حامل ہونے کی وجہ سے فیسکو کا قیمتی اثاثہ تھے۔دوران ملازمت انھیں جو بھی ڈیوٹی تفویض کی گئی انھوں نے احسن طریقے سے انجام دیا اور مطلوبہ ٹارگٹس کو بخوبی حاصل کیا۔ اس موقع پراسسٹنٹ ڈائریکٹر کنفیڈنشل امجد علی خان، کئیر ٹیکر فیسکو ہیڈکوارٹرزسیدمحمد سلمان قمر اور دیگر نے فیسکو سے ریٹائرڈہونیوالے ڈپٹی ڈائریکٹر (اے اینڈ ایس) ساجد محمودکو باعزت طریقے سے مدت ملازمت پوری ہونے پر مبارکباد دی اور کہا کہ افسر ہو یا ماتحت باعزت ریٹائرمنٹ سب کیلئے ایک اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوران ڈیوٹی ساجد محمود نے خوش اخلاقی اور خوش خلقی کا دامن کبھی ہاتھ سے نہیں چھوڑااور صارفین کے ساتھ انتہائی نرم رویہ اپنائے رکھا اور ماحول کو ہمیشہ خوشگوار رکھتے ہوئے کام کو بہترین طریقے سے انجام دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں