ہنگامی صورتحال کے مقابلہ کیلئے تربیت اہم کردار ادا کرتی ہے،محمود گل

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر و کنٹرولر سول ڈیفنس محمد نعیم سندھو کی خصوصی ہدایات پر سول ڈیفنس ڈیپارٹمنٹ نے ریسکیو 1122 کے تعاون سے ڈسٹرکٹ پروبیشن آفس ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ایک اہم تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ اس ورکشاپ کا مقصد پروبیشن آفس کے عملے اور شہریوں کو کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار کرنا تھا۔ورکشاپ کے دوران عملے کو سول ڈیفنس کی جنگ کے وقت کی حکمت عملیوں، وارننگ سسٹم کے استعمال، روشنی کی تحدید کے طریقوں، کیموفلاج کی اہمیت، ابتدائی طبی امداد کی فراہمی اور آگ بجھانے کی بنیادی تربیت دی گئی۔ ماہرین نے عملی مظاہروں اور لیکچرز کے ذریعے شرکائ کو ان اہم موضوعات پر جامع معلومات فراہم کیں۔تربیتی سیشن کے اختتام پر ایک فرضی مشق (موک ایکسرسائز) کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں سول ڈیفنس، بم ڈسپوزل سکواڈ اور ریسکیو 1122 کے عملے نے مشترکہ طور پر حصہ لیا۔ اس مشق کا مقصد تربیت کے دوران سیکھی گئی مہارتوں کا عملی اطلاق کرنا اور مختلف اداروں کے درمیان ہم آہنگی کو جانچنا تھا۔اس موقع پر سول ڈیفنس آفیسر محمود گل نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اور موثر ردعمل کے لیے تربیت انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے سول ڈیفنس ڈیپارٹمنٹ اور ریسکیو 1122 کی اس کاوش کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ اس تربیت سے پروبیشن آفس کا عملہ کسی بھی چیلنج سے بہتر انداز میں نمٹنے کے قابل ہو گا۔شہری حلقوں نے بھی اس تربیتی ورکشاپ کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ مستقبل میں بھی اس طرح کی مفید سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں