پی ایس ایل کے پلے آف کی لائن اپ مکمل ہوگئی

راولپنڈی (سپورٹس نیوز) ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل10) کے پلے آف کی لائن اپ مکمل ہوگئی۔پی ایس ایل 10کے 29ویں میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو ہرا کر پلے آف کیلئے کوالیفائی کرلیا جس کے بعد ایونٹ کے اگلے مرحلے میں پہنچنے والی 4ٹیموں کا فیصلہ بھی ہوگیا۔راولپنڈی میں کھیلا گیا میچ آندھی اور بارش کے باعث تاخیر سے شروع ہوا اور میچ کو 13اوور تک محدود کردیا گیا، لاہور قلندرز کے 150 رنزکے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی ٹیم مقررہ 13اوورز میں 8وکٹوں پر 123رنز بنا سکی۔ لاہور نے زلمی کو 26رنز سے شکست دے کر پلے آف کیلئے کوالیفائی کرلیا جبکہ کراچی کنگز ، اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پہلے ہی پلے آف مرحلے میں پہنچ چکی تھیں۔ قلندرز سے شکست کے بعد بابر اعظم کی پشاور زلمی ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی،ملتان سلطانز پہلے ہی پلے آف مرحلے میں پہنچے کی دوڑ سے باہر ہوگئی تھی۔یہ پہلا موقع ہے کہ پشاور زلمی کی ٹیم پی ایس ایل کے پلے آف کیلئے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی۔پی ایس ایل 10کے پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالیں تو کوئٹہ گلیڈی پہلے مرحلے کے اپنے تمام 10میچز کھیل کر 15پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست ہے۔کراچی کنگز 9 میچز میں 12 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، لاہور قلندرز تمام 10 میچز کھیل کر 11 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر ہے، اسلام آباد یونائیٹڈ 9 میچز میں 10پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر چوتھی پوزیشن پر ہے۔پشاور زلمی تمام 10 میچز کھیل کر 10 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں اور ملتان سلطانز 10 میچز میں صرف 2 پوائنٹس حاصل کرکے پانچویں اور چھٹی پوزیشن پر ہے۔ دونوں ٹیموں کا ایونٹ میں سفر ختم ہوگیا ہے۔واضح رہے کہ کراچی کنگز اور اسلام آبادیونائیٹڈ کے درمیان لیگ مرحلے کا آخری میچ پیر کو کھیلا جائے گا جس کے بعد فیصلہ ہوگا کہ پلے آف مرحلے میں کونسی ٹیم کس سے ٹکرائی گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں