عوام ماحول صاف ستھرا رکھنے کیلئے انتظامیہ کا ساتھ دیں

ساہیوال (بیورو چیف) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ عوام ماحول کو صاف ستھرا رکھنے میں انتظامیہ کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے عید الاضحیٰ پرگلی محلوں میں جانور ذبح کرنے کی بجائے میونسپل کارپوریشن کی جانب سے مختص کردہ مقامات پر قربانی کریں۔انہوں نے ساہیوال واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز کمپنی کو عید الاضحیٰ کے موقع پر صفائی کے حوالے سے پلان بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں عید الاضحیٰ کے موقع پر شہر کو صاف ستھرا رکھنے کے حوالے سے ساہیوال واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز کمپنی کے افسران اور کنٹریکٹرز سے ملاقات کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ عید کے ایام میں شہر کو صاف رکھنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے جانور انہیں مقامات پر ذبح کروائیں جہاں انہیں پانی اور چھاؤں سمیت دوسری سہولیات کارپوریشن فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ گلی محلوں میں جانور ذبح کرنے سے تعفن پھیلتا اور شہرکی صفائی بھی متاثر ہوتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ گھروں کے باہر، روڈ، گلی محلوں اور پارکوں میں قربانی کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی اور خلاف ورزی کرنے پر سخت قانونی کارروائی اور جرمانہ کیا جائے گا۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے سی ای او ساہیوال واٹراینڈ سینی ٹیشن سروسز کمپنی افتخار علی نے بتایا کہ عید کے موقع پر صفائی کے لئے اضافی عملہ اور مشینری لگائی جائے گی اور قربانی کے جانوروں کی باقیات کو ٹھکانے لگانے کے لئے شہر بھر میں کولیکشن پوائنٹس قائم کئے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں