واسا صاف پانی کی فراہمی میں ناکام،محکمہ کیخلاف شکایتوں کے انبار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) محکمہ واسا کے خلاف شہریوں کی شکایات میں ہوشربا اضافہ’ باقاعدگی کے ساتھ بل ادا کرنے والے صارفین بھی پانی کی بوند بوند کو ترس گئے’ کمپلینٹ سیل میں شکایات درج کروانے کے باوجود عملہ خاموش تماشائی کا کردار ادا کرنے لگا۔ تفصیل کے مطابق گرمیوں کا موسم شروع ہوتے ہی صاف پانی کی فراہمی کیلئے محکمہ واسا ناکام ہو گیا۔ شہر بھر کے مختلف علاقوں میں سیوریج ملا پانی فراہم کیا جا رہا ہے اور محکمہ واسا کی طرف سے فراہمی آب کیلئے مقررہ وقت پر بھی صاف پانی کی فراہمی ممکن نہیں رہی۔ محکمہ واسا کی طرف سے فراہمی ونکاسی آب کے منصوبوں پر اربوں روپے خرچ کرنے کے باوجود صاف پانی کی فراہمی تعطل کا شکار ہے۔ جبکہ محکمہ واسا نے صارفین کی شکایات کے اندراج کیلئے فری ہیلپ لائن 1334کو فعال کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ مذکورہ ہیلپ لائن پر شکایات درج کروانے والوں کی شکایات موصول ہونے کے 24گھنٹے کا اندر مسائل کو حل کیا جائے گا۔ لیکن محکمہ واسا کے نااہل اور نکمے عملہ نے ایم ڈی واسا عامر عزیز کے احکامات کو ہوا میں اڑا دیا۔ بالخصوص محکمہ واسا کے بل ادا کرنے والے صارفین کمپلینٹ سیل فری ہیلپ لائن پر شکایات درج کروانے والے بھی پریشان ہیں۔ آئے روز صارفین کی طرف سے فراہمی ونکاسی آب کی شکایات میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور شہریوں کے مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکا ہے۔ محکمہ واسا کا نااہل عملہ صارفین کے مسائل حل کرنے کی بجائے دفتر کے چکر لگوانے پر مجبور کرتے ہیں اور مبینہ طور پر نذرانہ وصول کرتے ہیں۔ شہری حلقوں نے کمشنر فیصل آباد مریم خان’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر’ ایم ڈی واسا عامر عزیز اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ شہریوں کے مسائل حل کرنے کیلئے مؤثر حکمت عملی بنائی جائے اور کمپلینٹ سیل میں کام کرنے والے نکمے عملہ کیخلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں