انسداد تجاوزات آپریشن میں تیزی آگئی

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے حکم پر فیصل آباد سمیت پنجاب بھر میں انسداد تجاوزات کو تیز کرنے کے احکامات جاری کر دیئے، کمشنر فیصل آباد مریم خان’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی ہدایت پر ڈپٹی چیف آفیسر عظمت فردوس نے غلام محمد آباد میں گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے پختہ تجاوزات کو مسمار کر دیا’ مارکیٹوں میں دکانوں’ گھروں کے باہر پختہ تھڑے’ گیراج’ واش رومز کو بھاری مشینری کے ساتھ مسمار کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے حکم پر تجاوزات کے خلاف آپریشن بلاامتیاز جاری رہے گا۔ انہوں نے تاجروں سے کہا کہ وہ دکانوں کے باہر’ فٹ پاتھ کو خالی کر دیں اور شیڈ کو بھی تین سے چار فٹ تک رکھیں، تاکہ پیدل چلنے والوں کو آسانی ہو، فٹ پاتھ پر سامان رکھنے والوں کا سامان ضبط کر لیا جائے گا۔ انہوں نے علاقہ مکینوں کو کہا کہ وہ گھروں کے باہر پختہ تھڑے’ واش رومز اور گیراج کو ازخود ختم کر دیں ورنہ بھاری مشینری کے ساتھ ان کا زیادہ نقصان ہو گا۔ تاہم ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد عظمت فردوس نے اپنی نگرانی میں غلام محمد آباد’ مدینہ ٹائون میں تجاوزات کو مسمار کروایا اور قریبی گلی’ محلوں کا وزٹ کرتے ہوئے بعض تجاوزات پر ریڈمارکنگ بھی کر دی۔ انہوں نے کہا کہ دوبارہ تجاوزات کی اجازت نہیں دی جائے گی اور اگر کسی نے دوبارہ تجاوزات کرنے کی کوشش کی تو اسکی دکان سیل اور سامان ضبط کرنے کے ساتھ ساتھ بھاری جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں