پنجاب کو ترقی یافتہ بنانا مشن ہے،مریم نواز شریف

لاہور (بیوروچیف) پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے 12اضلاع کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کی منظوری دے دی، مریم نواز نے ہر شہر میں ماڈل رکشہ سٹینڈ بنانے کا حکم بھی دے دیا ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیرصدارت چھ گھنٹے طویل خصوصی اجلاس ہوا، جس میں ضلعی سالانہ ترقیاتی پروگرام پیش کیا گیا۔ وزیر اعلی مریم نواز نے12- اضلاع کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کی خود منظوری دی (باقی ماندہ اضلاع کے ترقیاتی پروگرام،انسداد تجاوازت بیوٹی فیکیشن سے متعلق اجلاس آج ہو گا۔ اجلاس میں صوبے بھر کے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ میں بیوٹی فیکیشن اور انسداد تجاوزات آپریشن کا جائزہ لیا گیا۔ مریم نواز نے کہاکہ تجاوزات کا خاتمہ اور صفائی کا معیار برقرار رکھنا بہت بڑا چیلنج ہے، کمشنر اور ڈی سی کو پرفارمنس کیلئے مکمل آزادی دی،کسی کو فیصلوں پر اثرانداز ہونے کی اجازت نہیں۔مریم نواز نے کہاکہ ارکان اسمبلی بھی اپنے اضلاع میں بہتر ی کی تعریف کرتے ہیں، پرفارمنس میں ہمارا مقابلہ کسی سابقہ حکومت سے نہیں خود سے ہے، مجموعی پرفارمنس بہتر رہی مگر بہتری کی بہت گنجائش ہے، عوام میں ریلیف کا حقیقی احساس ہی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت بہت کم ہے،عوام کے لئے بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمے کرپشن سے مکمل پاک نہیں ہو سکے، میرے ہوتے ہوئے کرپشن افسوس ناک ہے، کرپشن کے خلاف جامع کریک ڈائون کرنا ہوگا۔ اجلاس میں تمام تحصیلوں کے روڈز، مارکیٹوں اور بازاروں کی پائیدار اپ لفٹنگ کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے ہر شہر میں ماڈل رکشہ سٹینڈ بنانے کا حکم دے دیا۔ انہوں نے لینڈ ایکوزیشن کیلئے اراضی متاثرین کو مارکیٹ ریٹ پر ادائیگی کا حکم بھی دیا۔ اس کے علاوہ تجاوزات کے خاتمے کے بعد واگزار کرائی سرکاری اراضی کی سی سی ٹی وی مانیٹرنگ کا حکم دیا ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہاکہ انتظامی افسروں کو تجاوزات کے خاتمے کیلئے روزانہ وزٹ کرنے کا حکم دیا، ساتھ ہی روڈز کے درمیان بجلی کے کھمبوں کو ہٹانے کے لئے اقدامات کا بھی حکم دے دیا ۔ مریم نواز نے روڈز پر عارضی تجاوزات روکنے کے لئے لین مارکنگ کرنے کی ہدایت کی، ہر نئی سڑک کے ساتھ ٹف ٹائل فٹ پاتھ بنانے کا حکم بھی دیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے غلہ،فروٹ اور سبزی منڈی کی شہروں سے باہر منتقلی اور یکساں طرز آپ لفٹنگ کی ہدایت کردی ، ساتھ ہی تمام اضلاع میں بلڈنگ بائی لاز پر پابندی یقینی بنانے کا حکم دیدیا ۔ مریم نواز نے اوور ہیڈ برج پر پلانٹر اورون کلر یکساں تھیم لائٹنگ اورسولر سٹریٹ لائٹس لگانے کی ہدایت کی، ساتھ ہی شہروں میں واگزار اور میسر سرکاری اراضی پر سپورٹس ایریا اور اربن فارسٹ قائم کرنے کا بھی حکم دے دیا ۔ اس کے علاوہ روڈز کے درمیان یکساں طرز کے درخت لگائے کی ہدایت کی گئی۔ مریم نواز نے فیصل آباد میں عوام کے لئے مزید الیکٹرک گاڑیاں فراہم کرنے کی ہدایت کردی، ساتھ ہی فیصل آباد کے تاریخی گھنٹہ گھر کے ہر بازار میں بہترین انفراسٹرکچر اور بیوٹی فیکیشن کی بھی ہدایت کردی گئی ۔ اجلاس میں راولپنڈی راجہ بازار کی اربن آپ لفٹنگ کے پلان کی منظوری دے دی گئی۔ والڈ سٹی اتھارٹی کی مشاورت سے راولپنڈی کی تاریخی عمارات کی بحالی کا فیصلہ کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ساہیوال میں 85% تجاوازات کا خاتمہ، مسلسل مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔ ساہیوال کے صدر بازار اور پاکپتن بازار کی آپ لفٹنگ کرکے نئی شکل دی جائے گی۔ اجلاس میں ساہیوال کے جنرل بس اسٹینڈ کی منتقلی کی منظوری دے دی گئی۔ ملتان کی 278 سال قدیمی مسجد ولی محمد کی بحالی کے پراجیکٹ کی بھی منظوری دے دی گئی۔ اس کے علاوہ ملتان کے شیر شاہ انٹر چینج اور لیاقت آباد روڈ کی آپ لفٹنگ کا فیصلہ کیا گیا، ملتان شہرمیں 22 بس سٹاپ بنانے کی منظوری بھی دے دی گئی۔اجلاس میں نادرن بائی پاس پر روڈز کے اطراف میں نو کلومیٹر طویل ملتان ایونیو پراجیکٹ کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر چوک گھنٹہ گھرملتان کی توسیع و بحالی کی جلد تکمیل کی ہدایت کی گئی ۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ سیالکوٹ میں 17 کنال پر سیالکوٹ فورٹ. اقبال منزل کی تعمیر و بحالی اور باب سیالکوٹ بنایا جائے گا، سیالکوٹ میں 1089 مقامات پر تجاوزات ہٹا دی گئیں۔ ڈیرہ غازی خان کے مرکزی لیاقت بازار میں تجاوزات کا خاتمہ اور تعمیر و توسیع جاری ہے۔ اجلاس میں شاہ سکندر روڈ کی تعمیر و توسیع کے پراجیکٹ کی منظوری دی گئی، ساتھ ہی ڈی جی خان میں وسیع وعریض سپورٹس ایرینا پراجیکٹ کی جلد تکمیل کی ہدایت کردی گئی، ڈی جی خان کو 4- الیکٹرک کارٹ فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔اس کے علاوہ بہاولپور فرید گیٹ کی تعمیر توسیع اور فوڈ سٹریٹ کے پراجیکٹ کی منظوری دے دی گئی۔ بہاولپور کی 200 سال پرانی الصادق مسجد کی بیوٹی فیکیشن اور رابط سڑک کی تعمیر کے پراجیکٹ کی منظوری بھی دے دی گئی، سیٹلائٹ اور ماڈل ٹان کی بیوٹفیکیشن کے پراجیکٹ کی منظوری بھی دی گئی، رحیم یار خان کے اندرونی بازاروں کی مرمت، فائبر گلاس چھت،مسٹ فین اور واٹر کولر لگانے کی منظوری دے دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ فیصل آباد میں 9.2 ارب کی 6416 کنال سرکاری اراضی واگزار کرائی گئی۔ گوجرانوالہ میں 116 بازار اور روڈاور 6566 مستقل انکروچمنٹ سٹرکچر ہٹا ئے گئے۔ پورے گوجرانوالہ کو تجاوزات اور غیر قانونی مویشی باڑوں سے پاک کرنے کا ہدف پورا کیا جائے گا۔ گوجرانوالہ جی ٹی روڈ پر سالڈ ویسٹ ڈیمپنگ سائٹ کو گرین ایریا میں بدل دیا جائے گا۔گوجرانوالہ میں لاہور کی طرز پر نئی فوڈ سٹریٹ بنانے کی ہدایت بھی کردی گئی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں