بجلی مہنگی ہونے کا امکان

اسلام آباد(بیوروچیف) بجلی کی قیمتوں میں ایک روپے 27پیسے فی یونٹ اضافہ کئے جانے کا امکان ہے۔بجلی کے نرخ بڑھانے کیلئے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے اپریل کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں درخواست دائر کر دی ہے، جس پر نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا)29 اپریل کو سماعت کے بعد فیصلہ کرے گا۔درخواست گزار کے مطابق اپریل میں 10 ارب 51 کروڑ 30 لاکھ یونٹس بجلی پیدا کی گئی، جبکہ اسی ماہ بجلی کمپنیوں کو 10 ارب 19 کروڑ 60 لاکھ یونٹس بجلی فراہم کی گئی ہے۔سی پی پی اے نے کہا بجلی کی فی یونٹ لاگت 8.94 پیسے جبکہ ریفرنس لاگت 7.68 روپے تھی، اپریل میں پانی سے 21.94 فی صد، مقامی کوئلے سے 14.51 فی صد بجلی پیدا کی گئی، درآمدی کوئلے سے 10.02، فرنس آئل سے 0.97 فی صد بجلی پیدا کی گئی۔سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کے مطابق مقامی گیس سے 8.01 درآمدی ایل این جی سے 20.52 فی صد بجلی پیدا کی گئی، جبکہ اپریل میں جوہری ایندھن سے 17.91 فی صد بجلی پیدا کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں