بھارت کی پھر آبی دہشتگردی،دریائے نیلم کا پانی روک لیا

اسلام آباد (بیوروچیف)بھارت جنگ بندی کے باوجود ایک بار پھر آبی دہشت گردی پر اتر آیا ہے، اور کشن گنگا ڈیم سے بھارت نے دریائے نیلم کا پانی روک لیا ہے۔ذرائع کے مطابق بھارت کی جانب سے کشن گنگا ڈیم کے ذریعے دریائے نیلم کا پانی روکے جانے کے بعد دریائے نیلم میں پانی کا بہائو معمول سے 40فیصد کم ہے۔اس سے قبل حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران کشن گنگا ڈیم سے اضافی پانی چھوڑا گیا تھا، جس سے دریا میں پانی کی سطح اچانک بلند ہوگئی تھی۔موسم گرما میں عموما گلیشئرز پگھلنے سے دریائے نیلم میں پانی کی سطح بلند رہتی ہے، تاہم بھارت کے پانی چھوڑنے سے یہ سطح مزید بلند ہوجاتی ہے، اور اسی طرح اگر بھارت پانی کا اخراج کم کردے تو پانی نچلی سطح پر چلا جاتا ہے۔یاد رہے کہ 22اپریل کو پہلگام میں سیاحوں پر حملے کے بعد 26اپریل کو بھارت نے آبی جارحیت کا آغاز کیا تھا، اور بغیر اطلاع دیے مظفرآباد کے علاقے ہٹیاں بالا میں دریائے جہلم میں پانی چھوڑ دیا تھا، جس کے بعد مظفرآباد انتظامیہ نے آبی ایمرجنسی نافذ کر دی تھی۔مقبوضہ کشمیر کے ضلع اننت ناگ سے نکل کر اڑی سے چکوٹھی میں داخل ہونے والے دریائے جہلم میں اچانک شدید طغیانی آگئی تھی، اور دریا میں پانی کی سطح اچانک بلند ہوگئی، جس سے مقامی لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔دریا کے کنارے بستیوں میں مساجد میں اعلانات شروع کر دیے گئے تھے۔پہلگام میں سیاحوں پر حملے کے بعد بھارت نے پاکستان کے ساتھ سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے سمیت دیگر کئی اعلانات کیے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں