عزیز فاطمہ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے طلبہ کی نمایاں پوزیشنز

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) عزیز فاطمہ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے ہونہار طلبہ حصول تعلیم کیلئے انتھک محنت سے جہاں علم کی نئی منزلوں کو طے کر رہے ہیں وہاں وہ اس مادر علمی کیلئے نیک نامی کا باعث بننے کے ساتھ ساتھ دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے اپنی صلاحیتوں کونکھا ررہے ہیں۔ یہ بات صوبائی سیکرٹری برائے امداد باہمی ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس تقریب کا انعقاد تعلیمی میدان میں عزیز فاطمہ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کی کارکردگی اور بالخصوص یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے حالیہ امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کو انعامات سے نوازنے کیلئے کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کے روشن مستقبل کی علامت ہیں جبکہ میڈیکل کے طلبہ اس ادارے سے اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد دکھی انسانیت کی خدمت کا وہ جذبہ اور مہارت لیکر نکلیں گے جو دنیاوی اور اخروی زندگی میں کامیابی کی ضمانت ہے۔انہوں نے کہا کہ محنت سے نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کی صلاحیتوں کو سراہا اور کہا کہ انعامات سے نوازنے کا مقصد اُن کی حوصلہ افزائی کا عملی اعتراف ہے تاہم انہیں یقین ہے کہ وہ دوران تعلیم پہلے سے بھی زیادہ محنت کریں گے۔ ستارہ کیمیکلز انڈسٹریز لمیٹڈکے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور عزیز فاطمہ ٹرسٹ کے منیجنگ ٹرسٹی میاں محمد ادریس نے بھی نصابی سرگرمیوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کو مبارکباد دی اور کہا کہ دوران تعلیم انہیں بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہر ممکن کوششیں کی جا رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام ہونے والے امتحانات میں اس کالج کے طلبہ کی کامیابی کا تناسب 99.02فیصد رہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی سے ملحقہ 44نجی میڈیکل کالجوں میں عزیز فاطمہ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے طلبہ نے نمایاں پوزیشنز حاصل کیںاور اس بنا پر اس کو ہیلتھ کیئر ایکسی لینس 2025ایوارڈ سے نواز ا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایم بی بی ایس کے دوسرے سال کے پروفیشنل امتحان میںعزیز فاطمہ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے حسن امتیاز نے پہلی جبکہ مس آمنہ مفتی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ ایم بی بی ایس کے دوسرے سال کے پروفیشنل امتحان میں کامیابی کا تناسب 97فیصد رہا۔ آخر میں انہوںنے طلبہ میں انعامات بھی تقسیم کئے۔ اس موقع پرعزیز فاطمہ ٹرسٹ کے چیف آپریٹنگ آفیسر پروفیسر ڈاکٹر محمد سعید ، پرنسپل عزیز فاطمہ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج پروفیسر ڈاکٹر غلام عباس شیخ اور ڈپٹی جنرل منیجر ایڈمن اینڈ ایچ آر آفتاب احمد خاں بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں