فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ریلوے روڈ کے سکیورٹی گارڈ نے واردات کی نیت سے دکان میں داخل ہونیوالے چور کو گولیاں مار کر مار ڈالا’ جھنگ روڈ پر دو مزدا ٹرکوں میں تصادم کے دوران 7افراد زخمی’ سنٹرل جیل کا قیدی ہسپتال میں دم توڑ گیا’ عداوت کی بناء پر مشتعل افراد نے نوجوان کے چہرے پر تیزاب پھینک دیا’ انسانی جانوں سے کھیلنے والا اتائی ڈاکٹر پکڑا گیا’ مسلح افراد کی فائرنگ سے دو افراد لہولہان’ چالاک ملزم اراضی خریدنے کا جھانسہ دیکر شہری کے 4کروڑ 75لاکھ لے اُڑا’ پولیس مصروف تفتیش ہے۔ تفصیل کے مطابق ریلوے روڈ کے سکیورٹی گارڈ محمد قدیر سکنہ 73گ ب گڈیاں کے رہائشی نے بتایا کہ رات کو بسم اﷲ بیرنگ سٹور پر نامعلوم چور دکان میں داخل ہوا، دراز ٹوٹنے کی آواز سن کر سکیورٹی گارڈ نے پولیس اور مالکان عدنان اشرف اور محمد فیصل کو بلا لیا، نامعلوم چور دکان کے اندر کھڑکی سے فرار ہونے لگا تو سکیورٹی گارڈ نے گولی مار کر نامعلوم چور کو موت کے گھاٹ اتار دیا، پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دی۔ جھنگ روڈ پر سدھار سبزی منڈی کے قریب الفتح کولڈ سٹور کے سامنے دو مزدا ٹرکوں میں تصادم کے دوران موٹرسائیکل سوار شہزاد ‘مزدا ٹرکوں میں سوار عثمان ولد عبدالشکور سکنہ مانانوالہ’ طیب ولد اشرف سکنہ ککڑوالا’ مرتضیٰ ولد مشتاق سکنہ ککڑوالا’ دلاور ولد عبدالخالق سکنہ چک نمبر 335 رب’ یوسف ولد عبدالخالق سکنہ چک نمبر 335 رب اور ذیشان ولد شوکت بری طرح زخمی ہو گئے۔ ریسکیو ٹیموں نے نعش پولیس کے حوالے کر کے زخمیوں کو طبی امداد کے بعد ہسپتال منتقل کر دیا۔ جبکہ سنٹرل جیل میں بند تھانہ صدر کے منشیات کیس میں ملوث 50سالہ قیدی طارق ولد رفیق کو تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ جیل انتظامیہ نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دی۔ ترکھانی کے علاقہ سلونی جھال کے قریب زاہد محمود کیری ڈبہ پر جا رہا تھا کہ راستے میں عداوت کی بناء پر ملزمان غفور اور عثمان نے چہرے پر کیمیکل پھینک دیا ، جس کی وجہ سے چہرہ بری طرح زخمی ہو گیا طبی امداد کی غرض سے ہسپتال پہنچایا گیا ، ڈی ایچ او ڈاکٹر شہزاد نے نواحی گائوں 144گ ب میں چھاپہ مار کر انسانی جانوں سے کھیلنے والے عطائی ڈاکٹر محمد کاشف کو گرفتار کر کے کلینک سیل کر دیا، پکڑے جانے والے عطائی ڈاکٹر ڈپلومہ یا سر ٹیفکیٹ پیش نہ کرسکا، تاندلیانوالہ کے علاقہ394میں مشتعل ملزمان سہیل وغیرہ نے فائرنگ کرتے ہوئے مخالف غلام مصطفی اور جڑانوالہ روڈ پر مسلح افراد نے نوجوان طیب کو گولیاں مار کر زخمی کر دیا۔سمندری کے رہائشی فیصل نے بتایا کہ اس کے واقف کار ملزم افضل نے اراضی خریدنے اور کاروبارہ کا جھانسہ دے کر 4کروڑ75لاکھ کی رقم لیکر رفو چکر ہو گیا۔ مطالبہ کرنے پر لیت ولعل کے بعد چیک دیا جو کہ بوگس نکلا۔




