کنٹینر بردار جہاز ڈوب گیا

کیرالہ (مانیٹرنگ ڈیسک) خطرناک سامان سے لدا لائبیریا کا پرچم بردار بحری جہاز بھارت کے جنوبی ساحلی علاقے کیرالہ کے قریب سمندر میں ڈوب گیا، بھارتیبحریہ نے بتایا کہ اس واقعے میں تمام 24عملے کے ارکان کو بحفاظت بچا لیا گیا۔فرانسیسی خبر رساں اداے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق بھارتی بحریہ کا کہنا ہے کہ ایم ایس سی ایلسا 3نامی 184میٹر طویل مال بردار جہاز جو بھارتی بندرگاہ وژنجم سے کوچین کی جانب جا رہا تھا، ہفتے کے روز حادثے کا شکار ہونے کے بعد ہنگامی مدد کا پیغام جاری کیا۔بحریہ کے طیاروں نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے علاقے کا رخ کیا اور دو لائف رافٹس کو دیکھا، جب کہ کنٹینر شپ خطرناک زاویے پر جھکا ہوا تھا، جو کوچین سے تقریبا 38ناٹیکل میل جنوب مغرب میں موجود تھا۔وزارت دفاع کے بیان میں کہا گیا کہ جہاز پر سوار عملے کے تمام 24ارکان کو بحفاظت بچا لیا گیا ہے، جنہیں بھارتی کوسٹ گارڈ (آئی سی جی) اور بحریہ کے گشت کرنے والے جہاز نے ریسکیو کیا، عملے کے افراد کا تعلق جارجیا، روس، یوکرین اور فلپائن سے تھا۔بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ جہاز 640کنٹینرز سمیت ڈوبا، جن میں سے 13 کنٹینرز میں خطرناک سامان موجود تھا اور 12 کنٹینر کیلشیم کاربائیڈ سے لدے تھے۔وزارتِ دفاع نے یہ واضح نہیں کیا کہ ان کنٹینرز میں کون سا مواد موجود تھا جنہیں خطرناک قرار دیا گیا ہے، تاہم کیلشیم کاربائیڈ کو کیمیائی صنعت میں استعمال کیا جاتا ہے، جس میں کھاد کی تیاری اور فولاد سازی شامل ہیں۔بحریہ نے کہا کہ کیرالہ کے ساحل کے ساتھ حساس سمندری ماحولیاتی نظام کو مدِنظر رکھتے ہوئے، کوسٹ گارڈ نے آلودگی سے نمٹنے کی تیاری کا مکمل عمل فعال کر دیا ہے۔جہاز میں تقریبا 370 ٹن ایندھن اور تیل بھی موجود تھا، تاہم کوسٹ گارڈ نے ڈٹیکشن سسٹمز تعینات کر دیے ہیں اور کہا ہے کہ ابھی تک تیل کے کسی رسا (آئل اسپِل) کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں