فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) راجہ پارک طفیل شہید روڈ میں کھیلا گیا راجہ جی کرکٹ میلہ اختتام پذیر ہو گیا’ فائنل میچ کے مہمان خصوصی امیدوار صوبائی اسمبلی میاں آفاق طاہر ایڈووکیٹ تھے’ چیف آرگنائزر راجہ نعمان بھی ان کے ہمراہ تھے’ مہمانان خصوصی نے جیتنے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے’ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی امیدوار صوبائی اسمبلی میاں آفاق طاہر ایڈووکیٹ نے کرکٹ میلے کے چیف آرگنائزر راجہ نعمان کو اس قدر شاندار اور خوبصورت ٹورنامنٹ کروانے پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ نوجوان نسل کو موبائل اور دیگر خرافات سے دور کرنے اور صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا یقینا احسن اقدام ہے’ میرا ہرممکن تعاون ٹورنامنٹ کے آرگنائزر کے ساتھ ہے’ انہوں نے کہا کہ کھیلیں نوجوان نسل کو بے راہروی سے بچانے کا بہترین ذریعہ ہیں’ کہتے ہیں ایک صحت مند دماغ’ صحت مند جسم میں ہوتا ہے اس لئے ضروری ہے کہ بری عادات ترک کر کے مثبت کھیلوں میں حصہ لیں تاکہ معاشرے میں عزت اور وقار سے زندگی بسر کر سکیں’ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کیلئے ایسے ٹورنامنٹ کا انعقاد نہایت ضروری ہے’ مستقبل کے معماروں کیلئے صحیح سمت کا تعین کرنا صدقہ جاریہ ہے’ انہوں نے کہا کہ نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غیرنصابی سرگرمیوں کا انعقاد وقت کی ضرورت ہے’ آج کے پرفتن دور میں سستی تفریح کیلئے کچھ لمحات نکالنا بہت ضروری ہے’ انہوں نے راجہ نعمان کی کوششوں اور کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ آئندہ بھی ہمارا تعاون آپ کے ساتھ رہے گا’ آخر میں چیف آرگنائزر راجہ نعمان نے مہمانان خصوصی کی آمد کا شکریہ ادا کیا اور انعامات جیتنے والے کھلاڑیوں کو مبارکباد دی۔




