28 مئی کو ملک بھر میں عام تعطیل کا نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد (بیوروچیف) کابینہ ڈویژن نے 28مئی یوم تکبیر پر ملک بھر میں عام تعطیل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ حکومتِ پاکستان نے 28 مئی کو یوم تکبیر کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے، اس حوالے سے کابینہ ڈویژن نے باضابطہ طور پر نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے،نوٹیفکیشن کے مطابق بدھ 28مئی کو تمام سرکاری و نیم سرکاری ادارے، تعلیمی ادارے اور دفاتر بند رہیں گے۔ یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے گزشہ سال 28 مئی کو عام تعطیلات کی فہرست میں شامل کیا تھا، یوم تکبیر پر ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی۔ یومِ تکبیر پاکستان کی ایٹمی صلاحیت کے مظہر کے طور پر منایا جاتا ہے، جب پاکستان نے 1998میں چاغی کے پہاڑوں میں کامیابی سے ایٹمی دھماکے کیے اور دنیا کی 7ویں اور اسلامی دنیا کی پہلی ایٹمی طاقت بن کر ابھرا، یومِ تکبیر کے موقع پر ملک بھر میں خصوصی تقریبات، سیمینارز اور ریلیاں بھی منعقد کی جائیں گی جن میں ایٹمی طاقت کے حصول میں کردار ادا کرنے والے قومی ہیروز کو خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا۔ سندھ حکومت کی جانب سے بھی جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 28 مئی کو یوم تکبیر کے سلسلے میں صوبائی دفاتر، بلدیاتی کونسلز سمیت تمام سرکاری دفاتر بند رہیں گے۔ یومِ تکبیر کے موقع پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی جانب سے بھی 28 مئی کو عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ چیف مارکیٹ آپریشن نے تعطیل کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ واضح رہے کہ پاکستان نے بھارت کے ایٹمی دھماکوں کا جواب 28 مئی 1998 کو صوبہ بلوچستان کے علاقے چاغی میں دھماکوں کے ذریعے دیا تھا۔ 27 برس قبل ایٹمی دھماکوں کے بعد پاکستان نے مسلم دنیا کی پہلی جبکہ دنیا کی 7ویں ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں