فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز نے نادہندہ صارفین سے واجبات کی وصولیوں کیلئے خصوصی مہم شروع کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں جس کے تحت نادہندگان کے سیوریج اور واٹر سپلائی کنکشن منقطع کرنے سمیت ان کے چالان بھی کئے جائیں گے۔ اس حوالے سے ایم ڈی واسا عامر عزیز نے کہا کہ شہر بھر میں واسا کے صارفین کے ذمہ واجبات الادا رقم میں بتدریج اضافہ کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ ایسے صارفین جو عادی ڈیفالٹرز ہیں ان کے خلاف فی الفور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے جس کے لئے ریونیو ڈائریکٹوریٹس کو باضابطہ طور پر احکامات جاری کردئیے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریونیو ریکوری ٹیموں کو روزانہ کی بنیاد پر فیلڈ وزٹ کرکے نادہندہ صارفین سے واجبات کی ریکوری کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ واجبات کی عدم ادائیگی پر نادہندہ صارفین کے سیوریج اور واٹر سپلائی کے کنکشن فوری طور پر کاٹ دئیے جائیں گے۔ ایم ڈی واسا نے واضح کیا کہ ایسے صارفین جو اپنے واجبات کی مناسب اقساط کروانا چاہتے ہیں انہیں پہلی مرتبہ کم از کم پچیس فیصد واجبات کی قسط کر دی جائے تاکہ وہ اپنی پہلی قسط کی رقم جمع کروا سکیں جبکہ بعد میں ہر ماہ ان کی قسط کر دی جائے بصورت دیگر ان سے کسی قسم کی کوئی رعایت نہ برتی جائے۔




