غیر قانونی گیس ریفلنگ کرنیوالوں کیخلاف گھیراتنگ

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیر اعلی پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تحصیل پیرمحل میں غیرقانونی گیس ری فلنگ کے خلاف بھرپور کریک ڈاون جاری ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو کی نگرانی اور سول ڈیفنس آفیسر محمود حسین گل کی قیادت میں موثر کارروائی عمل میں لائی گئی۔کارروائی کے دوران سول ڈیفنس کی ٹیم نے ایک دکان میں جاری غیرقانونی گیس ری فلنگ کا سراغ لگایا۔ موقع پر موجود گیس سلنڈرز، ری فلنگ کے آلات اور دیگر خطرناک سامان کو تحویل میں لے کر دکان کو فوری طور پر سیل کر دیا گیا۔ اہلکاروں کے مطابق غیرقانونی گیس ری فلنگ انسانی زندگیوں کے لیے شدید خطرہ ہے اور اس کے خلاف سخت ترین اقدامات کیے جا رہے ہیں۔سول ڈیفنس حکام نے بتایا کہ ملوث فرد کے خلاف فوری طور پر مقدمہ درج کروانے کے لیے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو نے کہا کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والوں کے لیے کوئی گنجائش نہیں اور ایسی سرگرمیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔سول ڈیفنس آفیسر محمود حسین گل نے کہا کہ غیرقانونی گیس ری فلنگ کے خلاف ضلع بھر میں کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔اس کامیاب کارروائی پر عوامی حلقوں کی جانب سے سول ڈیفنس ٹیم کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے، اور حکومتِ پنجاب کی موثر حکمت عملی کو سراہا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں