اسلام آباد(بیوروچیف) پاکستان کے ایٹمی طاقت بننے کے 27سال مکمل ہوگئے، قوم آج یوم تکبیر ملی جوش و جذبے سے منا رہی ہے۔دن کا آغاز مساجد میں قرآن خوانی اور پاکستان کی سلامتی کی دعائوں کے ساتھ ہوا، یوم تکبیر 28مئی 1998کو پاکستان نے بھارت کے پانچ ایٹمی دھماکوں کے جواب میں 6 دھماکے کر کے خطے میں طاقت کا توازن بحال کیا، پاکستان نے اپنے دفاع کا حق منوایا، چاغی کے پہاڑوں سے اللہ اکبر کی صدا دنیا نے سنی اور پاکستان دنیا کی ساتویں اور اسلامی دنیا کی پہلی ایٹمی طاقت بن کر ابھرا۔یوم تکبیر کے حوالے سے آج ملک بھر میں عام تعطیل ہے، خصوصی تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں اور وطن کے رکھوالوں کو سلام پیش کیا جائیگا۔صدر مملکت اور وزیراعظم نے قوم کو یوم تکبیر پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج کے دن اپنی جوہری صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ ایٹمی طاقت کا حصول قوت کے ذریعے امن قائم رکھنے کا دانشمندانہ فیصلہ تھا، پاکستان کی ایٹمی صلاحیت امن کی ضامن ہے، پاکستان جنگ کا خواہاں نہیں، پرامن بقائے باہمی اور عالمی قوانین کے احترام کے اصولوں پر کاربند ہے، بھارتی جارحیت پر پاکستان نے تزویراتی تحمل اور امن کے عزم کا مظاہرہ کیا۔وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ یوم تکبیر قوم کے اتحاد اور اپنی آزادی و خودمختاری پر سمجھوتہ نہ کرنے کے اعلان کا دن ہے، آج کے دن عہد کرتے ہیں پاکستان کو ایک معاشی قوت بنا کر دنیا میں حقیقی مقام دلائیں گے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یوم تکبیر پر خصوصی پیغام میں قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ 28مئی 1998کو پاکستان نے ایٹمی دھماکے کر کے دنیا کو بآور کروایا کہ ہم دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں، 28 مئی ہر پاکستانی کیلئے باعث افتخار اور قابل فخر دن ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سائنسدانوں، افواجِ پاکستان اور سیاسی قیادت نے ناقابلِ تسخیر پاکستان کی بنیاد رکھی، تمام سائنسدانوں کو قوم کا سلام، آپ کا یہ کارنامہ دفاعی تاریخ کا سنہری باب ہے، عالمی دبائو، معاشی پابندیوں اور خطرات کے باوجود 1998 میں ایٹمی دھماکے کرنا جرات و حمعیت کی اعلیٰ مثال ہے، یومِ تکبیر ہماری خودداری، قومی یکجہتی اور سٹریٹجک خودمختاری کا دن ہے۔محسن نقوی نے کہا کہ 10 مئی کا عبرتناک سبق دشمن کو ہمیشہ یاد رہے گا، بھارت جانتا ہے کہ پاکستان کی دفاعی صلاحیت ناقابل تسخیر ہے اور اب وہ کوئی بھی مس ایڈونچر سے قبل سو بار سوچے گا۔دریں ثناء ۔راولپنڈی(بیوروچیف) مسلح افواج، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، سروسز چیفس نے پاکستانی عوام کو یوم تکبیر پر دلی مبارکباد پیش کی۔پاک فوج کیشعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یوم تکبیر اس موقع کی یاد دلاتا ہے جب پاکستان ایک جوہری طاقت کے طور پر ابھرا، یہ تاریخی کامیابی قوم کے عزم، اتحاد اور پرامن وجود کیلئے جستجو کی مظہر ہے، پاکستان کی سٹریٹجک صلاحیت ایک قومی امانت ہے، جو عوام کی امنگوں کی عکاسی کرتی ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دن خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کیلئے پاکستان کے ثابت قدم عزم کو اجاگر کرتا ہے، پاکستان کی مسلح افواج تمام خطرات کیخلاف مادر وطن کے دفاع کیلئے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتی ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا مزید کہنا تھا کہ ہماری جوہری صلاحیت صرف اور صرف دفاعی مقاصد کیلئے ہے اور یہ امن کی ضامن ہے۔




