ٹھیکریوالہ(نامہ نگار)سدھار میں پینے کا صاف پانی نایاب شہری پانی کی تلاش میں خوار ،عوامی نمائندے خاموش تماشائی ،تفصیلات کے مطابق سدھار میں پینے کا صاف پانی نایاب ہو چکا ہے۔ زیر زمین پانی خراب ہونے کے باعث پینے کے قابل نہیں رہا، شہری پینے کے صاف پانی کی تلاش میں کین اٹھائے جگہ جگہ خوار ہو رہے ہیں۔ چند مخیر حضرات نے فلٹریشن پلانٹ لگائے ہوئے ہیں جہاں سے شہری قطاروں میں لگ کر پانی کے کین بھر کر لاتے ہیں۔ شہریوں کا زیادہ رش ہونے کی وجہ سے وہاں بھی پانی بھرنے کیلئے وقت مقرر ہیں بعض اوقات تو زیادہ رش ہونے کی وجہ سے پانی وقت مقررہ پر بند ہو جاتا ہے اور شہریوں کو خالی کین لے کر گھروں کو واپس لوٹنا پڑتا ہے صاحب حیثیت لوگ تو گھر بیٹھے کین خرید لیتے ہیں لیکن غریب عوام زیر زمین مضر صحت پانی پینے پر مجبور ہے جس کی وجہ سے ہیپاٹائٹس جیسی بیماریاں تیزی سے پھیل رہی ہے کسی بھی عوامی نمائندے نے کوشش نہیں کی کہ سدھار کے شہریوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کیلئے منصوبہ لایا جائے تاکہ شہریوں کو مضر صحت بیماریوں سے بچایا جا سکے سب خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ عوامی مفادات کے بجائے ذاتی مفادات ان کی ترجیح ہے۔ شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے مطالبہ کیا ہے کہ سدھار میں شہریوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے ۔




