فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان کا ایٹمی قوت بننا نہ صرف وطن عزیز کی قومی سلامتی اور خودمختاری کی ضمانت ہے بلکہ یہ اسلامی دنیا کے لیے بھی امید کا نشان ہے۔ یوم تکبیر کے حوالے سے اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے آج ہی کے دن 28مئی 1998کو چاغی کے پہاڑوں میں یکے بعد دیگرے 5 ایٹمی دھماکے کر کے بزدل دشمن بھارت کی برتری کا غرور خاک میں ملا دیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی پاکستان ایٹمی قوت رکھنے والا دنیا کا ساتواں اور عالم اسلام کا پہلا ملک بن گیا۔ ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام آج بھی پاکستان کے دفاع اور سلامتی کا ضامن ہے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان افواج اورعوام شانہ بشانہ کھڑی ہیں اور اور ملکی سرحدوں کے دفاع کے لئے پرعزم اور مستعد ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ آج کا یوم تکبیر پاکستان قوم کے لئے تجدید عہد کا دن ہے کہ پاکستان کی بقا کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا اور تمام طبقات پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کے لئے متحد ہو کر کام کریں گے۔




