تجارتی مذاکرات کیلئے پاکستانی وفد امریکہ جائیگا،ٹرمپ کی تصدیق

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستانی نمائندے آئندہ ہفتے امریکا آرہے ہیں،جنوبی ایشیائی ملک ٹیرف سے متعلق معاہدہ کرنا چاہتے ہیں جوائنٹ بیس اینڈریوز پر میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ بھارت اور پاکستان دونوں کے ساتھ کام کررہے ہیں،امریکا اس وقت بھارت سے ڈیل کرنے کے بہت قریب ہے جبکہ پاکستانی نمائندے آئندہ ہفتے امریکا آرہے ہیں۔صدر نے کہا پاکستان اور بھارت کے ساتھ ڈیل پر فخر ہے،میں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ روکی،لڑائی جوہری تنازع میں تبدیل ہوسکتی تھی،دونوں ممالک سے کہا ایٹمی ہتھیار استعمال کرنے والوں کے ساتھ تجارت نہیں کریں گے۔غیرملکی میڈیا رپورٹس کیمطابق پاکستان کو برآمدات پرامریکا کی جانب سے 29 فیصد ٹیرف کا سامنا ہے کیونکہ پاکستان کا تجارتی سرپلس 3ارب ڈالر ہے،جبکہ بھارت کو امریکا شپمنٹ پر 26فیصد ٹیرف کا سامنا ہے۔اس سے قبل وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کا امریکی تجارتی نمائندے سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے،دونوں فریقین نے باہمی امور پر تبادلہ خیال کرت ہوئے آئندہ چند ہفتے میں تکنیکی سطح پر بات چیت پر اتفاق کیا۔واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس سے قبل بھی پاک بھارت جنگ بندی کا سہرا اپنے سر لیتے ہوئے کہا تھا کہ میں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کرائی۔دوسری جانب بھارتی سیکرٹری خارجہ وکرم مسری نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی میں امریکی کوششوں کا سرے سے انکار کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں