پٹرول مہنگا’ایل پی جی سستی

اسلام آباد (بیوروچیف) بڑی عید اور بجٹ سے قبل پٹرول مہنگا کردیا گیاجبکہ ایل پی جی سستی کرد ی گئی’ پٹرول کی قیمت میں ایک روپے فی لیٹر اضافہ کردیا گیا، جبکہ ڈیزل کی قیمت موجودہ سطح پر برقرار ہے۔مٹی کا تیل 39پیسے مہنگا کردیا گیا۔ وزارت خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا، پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12بجے سے ہوگا۔وزارت خزانہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق 1روپے فی لیٹر اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 253روپے 63پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیزل کی قیمت 254روپے64پیسے فی لیٹر برقرار ہے۔وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ اوگرا اور متعلقہ وزارتوں کی سفارشات کی روشنی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔مٹی کے تیل کی قیمت میں 39پیسے فی لیٹر کا اضافہ کر دیا گیا ہے جس کے مطابق مٹی کے تیل کی نئی قیمت 165روپے 4پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔دوسری طرف آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ماہ جون کے لئے (لیکویفائڈ پٹرولیم گیس) ایل پی جی سستی کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ اوگراکی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کو مطابق ایک کلو ایل پی جی کی قیمت میں 4روپے 62پیسے کمی کا اعلان کیا گیا ہے ،فی کلو ایل پی جی کی قیمت ماہ جون کے لئے 240روپے 53پیسے فی کلو مقرر کی گئی۔ ماہ مئی کے لئے فی کلو ایل پی جی کی قیمت 245 روپے 16پیسے تھی۔ گھریلو سلینڈر 11.8کلو کی قیمت 54.60روپے سستی ہوگئی ،جون 25 کے لئے 11.8 کلو کا گھریلو سلینڈر کی قیمت 2838 روپے کا ہوگیا۔ یاد رہے کہ مئی 25 کے لئے 11.8 کول کا گھریلو سلنڈر 2892 روپے تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں