ٹرک کی ٹول پلازہ پر کھڑی ویگن کو ٹکر،15مسافر زخمی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) چک جھمرہ کے علاقہ نلے والا کے قریب تیز رفتار ٹرک ٹول پلازہ پر کھڑی مسافر ویگن سے ٹکرا گیا’ ویگن میں سوار 15مسافر بری طرح زخمی ہو گئے، حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمی مسافروں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کر دیا، ویگن کا پچھلا حصہ بری طرح تباہ ہو گیا۔ تفصیل کے مطابق ہائی ایس مسافر ویگن تلہ گنگ سے فیصل آباد آ رہی تھی کہ جب وہ چک جھمرہ کے علاقہ 188 رب نلے والا ٹول پلازہ پر رُکی تو پیچھے سے آنے والے تیز رفتار ٹرک ڈرائیور کو نیند آنے پر ٹول پلازہ پر کھڑی مسافر ویگن کو پیچھے سے ٹکر مار دی تو ویگن میں سوار مسافروں کی چیخیں نکل گئیں۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمی ہونیوالے مسافروں 75سالہ افتخار ولد محمد رضا’ 70سالہ میاں محمد ولد شاہ عالم خان’ 45سالہ منیر حسین ولد احسن علی’ 43سالہ محمد رشید ولد میاں محمد’ 70سالہ محمد ارشاد ولد غلام قادر’ 65سالہ ملکانی خاتون زوجہ حافظ کمال’ 53سالہ محمد صادق ولد اﷲ یار’ 40سالہ امتیاز حسین ولد محمد دین’ 50سالہ محمد نصیر ولد محمد امین’ 70سالہ ست بھرائی زوجہ نور محمد’ 65سالہ محمد ادریس ولد میاں محمد’ 70سالہ سکینہ بی بی زوجہ محمد شفیق’ 65سالہ محمد فاروق ولد فتح خاں اور 40سالہ عالم خاتون زوجہ محمد امیر بری طرح زخمی ہو گئیں، جنہیں طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کر دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں