عازمین حج کے کھانے پر 15کروڑ سے زائد اخراجات

جدہ (مانیٹرنگ ڈیسک) رواں سال حج کے دوران پاکستانی عازمین کے کھانے پر 15کروڑ 50لاکھ روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔ وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق، ہر عازم کو روزانہ 34سعودی ریال مالیت کا کھانا فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ کھانے کی مد میں فی حاجی سے 1360ریال وصول کیے گئے ہیں۔مکہ مکرمہ میں 22اور مدینہ منورہ میں 13کمپنیاں پاکستانی عازمین کو کھانے کی سہولت فراہم کر رہی ہیں۔ وزارت کا کہنا ہے کہ حاجیوں کو اوپن مارکیٹ کے مقابلے میں سستا اور معیاری کھانا مہیا کیا جا رہا ہے، جس میں روزانہ تین وقت کا مکمل کھانا شامل ہے۔سرکاری اسکیم کے تحت اب تک 88ہزار 380پاکستانی عازمین سعودی عرب پہنچ چکے ہیں، جبکہ نجی اسکیم کے تحت 27ہزار 11عازمین نے شرکت کی ہے۔ مجموعی طور پر ایک لاکھ 15 ہزار 391 پاکستانی اس سال حج ادا کر رہے ہیں، تاہم پاکستان کو دیے گئے ایک لاکھ 79 ہزار 210 کے مکمل کوٹے کا صرف 64.39 فیصد ہی استعمال ہو سکا۔ اس طرح 63 ہزار 830 افراد حج سے محروم رہ گئے۔ذرائع کے مطابق عیدالاضحی کے موقع پر 10 ذی الحج کو عازمین کو خصوصی دیسی کھانے پیش کیے جائیں گے جن میں ناشتہ میں آملیٹ، حلوہ، خبس/روٹی اور دودھ والی چائے، دوپہر میں چکن بخاری، دال مونگ، روٹی اور سیب، جبکہ رات کے کھانے میں آلو مٹن قیمہ، مکس سبزی، متنجن، روٹی، سبز چائے اور دیگر اشیا شامل ہوں گی۔عازمین کو ہر کھانے کے ساتھ جوس یا لسی، پانی اور پھل بھی فراہم کیے جائیں گے۔ واضح رہے کہ طویل دورانیے کا حج 40 سے 46 دنوں پر مشتمل ہوتا ہے، جبکہ کم دورانیے کا حج 22 سے 25 روز پر محیط ہوتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں