لبیک اللھم لبیک،مناسک حج کا آغاز ،عازمین منیٰ پہنچ گئے

مکہ مکرمہ(مانیٹرنگ ڈیسک) مناسک حج کا آج سے آغاز ہو رہا ہے، لاکھوں عازمینِ حج ظہر سے پہلے منی پہنچ گئے۔دنیا بھر سے آئے لاکھوں عازمین حج جمعرات کی صبح تک منی میں ہی قیام کریں گے اور عبادات میں مصروف رہیں گے، عازمین حج آج رہائش گاہ سے احرام باندھنے کے بعد 2 رکعت نفل ادا کر کے منیٰ روانہ ہوئے۔عازمین حج آج منی میں ظہر، عصر، مغرب اور عشا کی نماز ادا کریں گے، عازمین 9 ذوالحجہ کو حج کے رکن اعظم وقوف کے لئے میدان عرفات روانہ ہوں گے، عازمین 9 ذوالحجہ کو حج کا خطبہ سننے کے بعد ظہر اور عصر کی نمازیں ادا کریں گے پھر حجاج کرام سورج غروب ہونے تک میدان عرفات میں وقوف کریں گے۔اذان مغرب کے بعد نماز پڑھے بغیر حجاج کرام میدان عرفات سے مزدلفہ روانہ ہوں گے، مزدلفہ میں حجاج کرام مغرب اور عشا کی نمازیں ملا کر پڑھیں گے، مزدلفہ میں حجاج کرام شیطان کو مارنے کیلئے کنکریاں جمع کریں گے اور پھر حجاج مزدلفہ میں کھلے آسمان تلے رات گزاریں گے اور 10 ذوالحجہ کو وقوف مزدلفہ کے بعد رمی کیلئے روانہ ہوں گے۔حجاج بڑے شیطان کو 7 عدد کنکریاں ماریں گے اور قربانی کریں گے، حجاج کرام حلق کرانے کے بعد احرام کھول دیں گے، 11 ذوالحجہ کو حجاج کرام چھوٹے، درمیانے اور بڑے شیطان کو سات سات کنکریاں ماریں گے۔رمی جمرات کے بعد حجاج کرام طواف زیارت کیلئے خانہ کعبہ روانہ ہوں گے، طواف زیارت کے بعد حجاج کرام صفا مروہ کی سعی کریں گے، 12 ذوالحجہ کو زوال آفتاب کے بعد تینوں شیطانوں کو کنکریاں ماری جائیں گی۔13 ذوالحجہ کو حجاج کرام رمی جمرات کے بعد منی سے اپنی رہائش گاہ روانہ ہوجائیں گے۔دریں ثناء ۔مکہ مکرمہ (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی وزارت داخلہ نے حج کے دوران عازمین کو خبردار کیا ہے کہ وہ مقدس مقامات پر تصویر کشی، سیاسی و فرقہ وارانہ جھنڈے لہرانے اور نعرے بازی سے گریز کریں۔ وزارت نے واضح کیا ہے کہ تمام حجاج کرام اللہ کے مہمان ہیں اور ان کی سلامتی، صحت و سہولیات سعودی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔وزارت نے مزید کہا کہ مقامی قوانین کا احترام کرتے ہوئے عازمین مقدس مقامات پر نظم و ضبط کا مظاہرہ کریں اور کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی یا بدنظمی سے اجتناب برتیں۔دوسری جانب سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربعیہ نے شدید گرمی کے پیش نظر حجاج سے اپیل کی ہے کہ وہ صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک زیادہ وقت اپنے خیموں کے اندر گزاریں اور کھلی دھوپ سے بچیں تاکہ وہ مناسک حج بآسانی اور صحتمند انداز میں ادا کر سکیں۔ڈاکٹر توفیق کا کہنا تھا کہ غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے اجتناب کریں، تاکہ گرمی کے اثرات سے محفوظ رہا جا سکے اور تھکن یا بیماری سے بچا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں