ریسکیو1122 کا عید پر ڈیوٹی پلان تیار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ریسکیو 1122 فیصل آباد کا عید الاضحی کے موقع پر حادثات سمیت کسی بھی قسم کی ایمرجنسی کی صورت میں عوام کو بروقت ایمرجنسی سروس فراہم کرنے کے لیے جامع ڈیوٹی پلان مرتب کر لیا گیا اور عملے کی چھٹیاں منسوخ کر کے انہی ڈیوٹی کا پابند کر دیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال کا کہنا تھا کہ انسپیکشن ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں جو ریسکیو پوسٹوں کا معائنہ کرتی رہیں گی۔ کنٹرول روم سٹاف کو بھی 24گھنٹے الرٹ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نماز عید کے دوران عید گاہوں، مساجد، تفریحی مقامات اور مویشی منڈیوں سمیت 41ریسکیو پوسٹیں قائم کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ تمام ایمبولینسز ، 115موٹر بائیک ایمبولنسز اور فائر وہیکلز ہمہ وقت مختلف مقامات پر موجود رہیں گی۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ شہریوں سے گزارش ہے کہ اپنے کم عمر بچوں کو موٹر سائیکل چلانے اور نہروں میں نہانے کی اجازت ہرگز نہ دیں تاکہ عید کی خوشی کے موقع پر کسی قسم کی ناگہانی صورتحال اور پریشانی سے بچا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں