جڑانوالہ کے نواحی چک میں فلٹریشن پلانٹ کی بندش،علاقہ مکین پریشان

جڑانوالہ (نامہ نگار) چک نمبر 111گ ب میں فلٹریشن پلانٹ کی بندش، کیمیکل کی عدم دستیابی سے اہل علاقہ شدید پریشان، حکام بالا سے نوٹس لینے کا مطالبہ،تفصیلات کے مطابق جڑانوالہ کے نواحی گائوں چک نمبر 111گ ب میں گرمی کی شدت کے دوران پینے کے صاف پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے گائوں میں قائم واٹر فلٹریشن پلانٹ کیمیکل کی عدم فراہمی کے باعث کئی دنوں سے بند پڑا ہے،جس سے اہل علاقہ کو غیر فلٹر شدہ پانی پینے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے ۔ مقامی افراد کے مطابق فلٹریشن پلانٹ میں پانی کو صاف کرنے والا کیمیکل گزشتہ کئی ہفتوں سے دستیاب نہیں،جس کے باعث پلانٹ مکمل طور پر غیر فعال ہو چکا ہے صاف پانی نہ ہونے کی وجہ سے علاقے کے افراد خاص طور پر بچے اور بزرگ پیٹ درد، اسہال،ہیضہ اور دیگر بیماریوں میں مبتلا ہو چکے ہیں۔اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ وہ گرمی میں کئی کئی کلومیٹر دور سے پانی بھر کر لانے پر مجبور ہیں،جبکہ فلٹریشن پلانٹ پر جانے والے شہری ذلیل و خوار ہو کر واپس آتے ہیں کیونکہ وہاں پانی یا تو موجود نہیں ہوتا یا پینے کے قابل نہیں ہوتا۔مزید افسوسناک امر یہ ہے کہ پلانٹ کی دیکھ بھال اور آپریٹ کرنے والے ملازم کو گزشتہ چار ماہ سے مبینہ طور پر تنخواہ بھی ادا نہیں کی گئی، جس سے اس کی حوصلہ شکنی ہو رہی ہے اور وہ پلانٹ کی مرمت یا روزانہ کی دیکھ بھال سے بھی قاصر ہے۔اہل علاقہ نے ضلعی انتظامیہ،اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ اور متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر فلٹریشن پلانٹ میں درکار کیمیکل فراہم کیا جائے اور آپریٹر کو تنخواہ ادا کرکے اس کی ذمہ داری بحال کی جائے تاکہ اہل علاقہ کو پینے کا صاف پانی میسر آ سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں