لاہور( بیورو چیف)بلڈ ڈونیشن سوسائٹی امیر الدین میڈیکل کالج کے زیر اہتمام لاہور جنرل ہسپتال میں آگاہی واک کاانعقاد کیا گیا ۔ آگاہی واک میں پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل ، ایم ایس پروفیسر فریاد حسین، پروفیسر محمد شاہد، پروفیسر طیبہ گل ملک، پروفیسر فرحان رشید، پروفیسر نازش ثقلین، پروفیسر شندانہ طارق، ڈاکٹر عبدالعزیز،میڈیکل سٹوڈنٹس اور ہیلتھ پروفیشنلز کی بڑی تعداد موجود تھی۔ پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے اس موقع پرگفتگوکرتے ہوئے کہاکہ ایک تندرست شخص کا عطیہ کردہ خون کسی بھی حادثے یا ایمرجنسی میں زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا مریض کے لیے نئی زندگی کا پیغام بن سکتا ہے،قدرتی آفات، حادثات اور مہلک بیماریوں میں مبتلا افراد کو بروقت خون کا عطیہ دے کر بیش بہا انسانی جانیں بچائی جا سکتی ہیں۔انہوں نے کہاکہ دورِ جدید کی ترقی اور زندگی کی تیز رفتاری کے باعث حادثات بہت بڑھ گئے ہیں جن کی وجہ سے زخمیوں اور اموات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، آج کے دور میں انسانی جان بچانے کے لیے خون کے عطیات کی اہمیت پہلے سے بہت زیادہ بڑھ گئی ہے، حادثات میں زخمی ہونے والے افراد میں سے اکثریت کو بروقت خون فراہم کر کے ان کی زندگیاں بچائی جا سکتی ہیں اور بطور ایک ذمہ دار شہری اور مسلمان ہونے کے ناطے یہ ہماری اخلاقی و مذہبی ذمہ داری ہے کہ انسانیت کی عظیم خدمت کے لیے آگے آئیں اور زیادہ سے زیادہ خون کے عطیات بلڈ بینک میں جمع کروائیں۔ خون عطیہ کرنا ایسا عظیم فعل ہے جس سے نہ صرف انسانی جان بچائی جا سکتی ہے بلکہ یہ قلب کے سکون کا باعث بھی بنتا ہے۔




