PTIمیں اختلافات،بیرسٹر گوہر کھڈے لائن

اسلام آباد (عظیم صدیقی) تحریک انصاف میں باہمی اختلافات بڑھ گئے’ چیئرمین بیرسٹر گوہر خان کو ”کھڈے لائن” کیا جا رہا ہے جبکہ وزیراعلیٰ گنڈا پور کے خلاف 5ویں بار وفاق پر مسلح حملہ آور ہونے اور واشنگٹن میں فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیرکے خلاف PTI اوورسیز مظاہرے کی حمایت کرنے پر بجٹ اجلاس کے بعد کارروائی کا حتمی فیصلہ ہو چکا ہے۔ فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کے خلاف امریکہ کے 250ویں یوم مسلح افواج کی تقریب میں شرکت کے موقع پر مخالفانہ مظاہرے کے مسئلہ پر PTI شدید اختلافات کا شکار ہو گئی ہے۔ PTI کی پاکستان میں سنجیدہ قیادت مظاہرے سے پہلو تہی کرنے کے حق میں ہے۔ بیرسٹر گوہر’ اسد قیصر سمیت اکثریت چاہتی ہے کہ حالت جنگ میں بیرون ملک اس طرح کی حرکت ملک کو بدنام کرے گی لیکن اس کے برعکس ”ہارڈلائنز” گنڈا پور’ علیمہ خان سمیت چند لیڈرز چاہتے ہیں کہ اس طرح PTI کو کوریج ہو گی۔ بیرسٹر گوہر کو ویسے بھی گزشتہ چند ہفتوں سے سائیڈ لائن کیا جا چکا ہے اب مظاہرے کی مخالفت کے بعد بانی چیئرمین نے ہدایت کی ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو پارٹی فیصلوں میں اہمیت نہ دی جائے۔ دوسری طرف گنڈا پور نے گزشتہ روز ہائیکورٹ کے باہر جس طرح کی گفتگو کی اسے وفاق نے ”ملکی سلامتی” کے خلاف گردانا ہے اس سے پہلے 4بار وہ مسلح حملہ آور ہونے کی دھمکیاں دے چکے ہیں یوں وفاق ایسی صورت میں ”آئینی آپشن” استعمال کرنے کا حق رکھتا ہے۔ بجٹ کے اجلاس کے بعد کسی طرح کی کارروائی خارج ازامکان نہیں ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں