ڈویژنل کمشنر کے احکامات کے باوجودجھال پل کے آہنی جوڑ مرمت نہ ہوسکے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈیڑھ ماہ کا عرصہ گزرنے کے باوجود کمشنر فیصل آباد مریم خان کے احکامات پر عملدرآمد نہ ہو سکا، جھال خانوآنہ پل کے آہنی جوڑ سمیت شہر کی دیگر سڑکوں پر پیچ ورک کا آغاز بھی نہ ہو سکا۔ میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کے چیف آفیسر سمیت دیگر محکموں نے پراسرار خاموشی اختیار کر رکھی ہے، وہاں سے گزرنے والے شہریوں بالخصوص دل کے امراض میں مبتلا مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا۔ یاد رہے کہ کمشنر فیصل آباد ڈویژن مریم خان نے 3مئی 2025ء کو جھال خانوآنہ پل اور اہم شاہراہوں کا وزٹ کیا۔ اس موقع پر میونسپل کارپوریشن کے چیف آفیسر سید علی بخاری سے اس حوالے سے بریفنگ لی۔ کمشنر فیصل آباد مریم خان نے جھال خانوآنہ پل کے آہنی جوڑوں’ خستہ حال سڑکوں کی تعمیر ومرمت اور کارپوریشن کی حدود میں سڑکوں اور گلی محلوں کی خراب سٹریٹ لائٹس کا فوری طور پر سروے کرانے اور ان کی تخمینہ لاگت طلب کی تھی۔ اور انہوں نے شہر بھر میں مختلف علاقوں میں ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکوں پر پیچ ورک بھی کروانے اور جھال پل کے آہنی جوڑوں کی مرمت کے احکامات جاری کئے تھے تاکہ آمدورفت میں شہریوں کو درپیش مشکلات کا فوری سدباب کیا جائے۔ انہوں نے کہا تھا کہ سروے مکمل ہونے کے بعد خراب سٹریٹ لائٹس اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکوں کی تعمیر ومرمت اور پیچ ورک پر کام شروع کیا جائے۔ ”ڈیلی بزنس رپورٹ” نے اس حوالے سے خبریں شائع کیں لیکن ڈیڑھ ماہ کا عرصہ گزرنے کے باوجود میونسپل کارپوریشن کے افسران نے کمشنر کے احکامات کو ہوا میں اڑا دیا، نہ کوئی سروے کروایا اور نہ ہی اس کا تخمینہ لاگت بارے کمشنر فیصل آباد کو رپورٹ جاری کیں۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ جھال خانوآنہ پل کے آہنی جوڑ ٹوٹنے سے نہ صرف قیمتی گاڑیوں کو نقصان پہنچ رہا ہے بلکہ اکثر اوقات ٹوٹے آہنی جوڑوں سے گزرتے ہوئے موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں کے ٹائر برسٹ ہو جاتے ہیں۔ مذکورہ پل اور ٹوٹی پھوٹی سڑکوں سے گزرتے ہوئے آئے روز حادثات کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے۔ شہریوں بالخصوص دل کے امراض میں مبتلا اور دیگر مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ میونسپل کارپوریشن فیصل آباد اور دیگر سرکاری ادارے کمشنر فیصل آباد مریم خان کے احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے کی وجہ سے انگشت بدندان ہیں کہ کمشنر کے احکامات پر عملدرآمد کون کروائے گا کیونکہ سرکاری افسران گرمی کے موسم میں اپنے ائیرکنڈیشنڈ دفتروں سے نکل کر فیلڈ میں جانے سے گریزاں اور اپنی افسری کے نشہ میں مخمور نظر آتے ہیں۔ کمشنر فیصل آباد مریم خان کے احکامات پر عملدرآمد نہ ہونا لمحہ فکریہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں