مثبت اشارئیے اوورسیز پاکستانیوں کی وفاداری کا ثبوت ہیں،وزیراعظم

اسلام آباد (بیوروچیف) وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ تارکین وطن نے محنت سے ترسیلات زر سے لاکھوں خاندانوں کو ترقی دی’ رواں سال اوورسیزپاکستانیوں نے ریکارڈ 34.9 بلین ڈالر وطن بھیجے۔ وزیراعظم نے خاندانی ترسیلات کے عالمی دن پرتارکین وطن کو معیشت میں شراکت پرخراج تحسین پیش کیا۔ اپنے پیغام میں کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زرمعیشت کی بنیاد رہی ہیں۔ وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ تارکین وطن نے محنت سے اپنے آبائی ممالک میں ترقی کی راہ ہموار کی۔ 9ملین سے زائد پاکستانی دنیا کے مختلف ممالک میں مقیم ہیں جو کہ اپنی جڑوں سے گہرے طور پر وابستہ ہیں، انکے مالی عطیات اپنے خاندانوں اور ملکی ترقی کا طاقتور ستون ہیں۔ہم اپنی عالمی پاکستانی کمیونٹی کوتہہ دل سے خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔شہبازشریف کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ مالی سال اوورسیز پاکستانیوں نے ریکارڈ 34.9 ڈالر وطن بھیجے، موجودہ مالی سال کی ترسیلات زر پچھلے سال کے مقابلے میں 28.8فیصد زیادہ ہیں، یہ مثبت اشاریے ہمارے تارکین وطن کی محنت اور وفاداری کا ثبوت ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں