ایران میں پھنسے107 پاکستانی وطن پہنچ گئے

اسلام آباد (بیوروچیف) ایران میں پھنسے پاکستانی شہریوں کو لے کر پی آئی اے کی پہلی خصوصی پرواز ترکمانستان کے دارالحکومت اشگ آباد سے اسلام آباد پہنچ گئی۔قومی ایئر لائن کی پرواز پی کے 9552کے ذریعے 107مسافر آج صبح 3بجے وطن واپس لائے گئے۔ ایران کی فضائی حدود کی بندش کے باعث یہ تمام مسافر زمینی راستے کے ذریعے ایران سے ترکمانستان منتقل کیے گئے جہاں سے ان کی فضائی واپسی ممکن بنائی گئی۔اس اہم انسانی و سفارتی مشن میں تہران اور اشک آباد میں موجود پاکستانی سفارتخانوں نے کلیدی کردار ادا کیا، جن کی مدد سے پھنسے ہوئے شہریوں کی بروقت نقل و حمل ممکن ہو سکی۔ پی آئی اے کی یہ خصوصی پرواز حکومتِ پاکستان کی ہدایات پر روانہ کی گئی تھی تاکہ بیرون ملک موجود پاکستانیوں کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔مسافروں نے اس بروقت اقدام پر حکومتِ پاکستان اور پی آئی اے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے قابل تحسین اور اطمینان بخش قرار دیا۔ پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق قومی ایئر لائن نے ایک بار پھر مشکل گھڑی میں اپنی دہائیوں پر محیط روایت کو برقرار رکھتے ہوئے قومی خدمت کا عملی مظاہرہ کیا ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ ایسے اقدامات قومی مفاد میں پی آئی اے کے عزم کا مظہر ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں