فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) اہل فیصل آباد کیلئے خوشخبری ۔ بین الاقوامی تکریم ‘ سپوت فیصل آباد ڈاکٹر حافظ طاہر محمود حفظہ اللہ کے لئے اسلامک یونیورسٹی مدینہ منورہ کی طرف سے ”عالم الجامعہ ” کے اعزاز کی منظوری ۔ فیصل آباد کے ہر اہلحدیث فرد کے لئے یہ خبر انتہائی مسرت کا باعث ہے کہ فیصل آباد کے ایک سپوت ، ڈاکٹر حافظ طاہر محمود حفظہ اللہ کو عالم اسلام کی بین الاقوامی دانشگاہ ، اسلامک یونیورسٹی، مدینہ منورہ کی طرف سے ”عالم الجامعہ ” کا خطاب دیا گیا ہے ۔ مدینہ یونیورسٹی دنیا بھر میں اپنے گریجوایٹس کی سرگرمیوں اور کارکردگی کی بنیاد پر اپنے ایک گریجویٹ کو اس خطاب سے نوازتی ہے ۔ مدینہ یونیورسٹی کے اس خطاب سے یونیورسٹی پوری دنیا کو یہ بتاتی ہے کہ یہ شخصیت خود ہمارے لئے باعث افتخار ہے ۔ ڈاکٹر طاہر محمود حفظہ اللہ نے 2000 میں مدینہ یونیورسٹی سے شعبہ تفسیر القرآن الکریم میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی ۔ قبل ازیں انہوں نے کلی الحدیث الشریف سے گریجوایشن کی ڈگری حاصل کی تھی ۔ پاکستان واپسی پر وہ یہاں انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد اور وفاقی اردو یونیورسٹی اسلام آباد سے وابستہ رہے ۔ آپ دعو ةاکیڈمی فیصل مسجد کے ڈائریکٹر جنرل کے طور پر بھی فرائض سرانجام دیتے رہے ہیں ۔ ڈاکٹر طاہر محمود ایک عرصہ تک فیصل مسجد اسلام آباد کے خطیب بھی رہے ۔ مدینہ یونیورسٹی کی طرف سے اس بین الاقوامی اعزاز کے لئے ڈاکٹر طاہر محمود حفظہ اللہ کا انتخاب بلاشبہ ہم اہل فیصل آباد کے لئے بڑے افتخار کی بات ہے ۔




