تمام سرکاری ادارے سیلابی صورتحال کے پیش نظر الرٹ رہیں،کمشنر سرگودھا جہانزیب اعوان

سرگودہا (بیوروچیف) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان اور ریجنل پولیس آفیسر شہزاد آصف خان نے دریائے جہلم میں ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر ضلع سرگودہا اور خوشاب کے دریا کنارے ممکنہ متاثرہ علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر خوشاب فروا عامر، ڈی پی او خوشاب محمد نعیم، اسسٹنٹ کمشنرز، ایس ای انہار یاسر علی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ ڈویژنل سربراہان نے فلڈ ریلیف کیمپس، ریسکیو پوائنٹس اور دریا کے بہائو کے حساس مقامات کا معائنہ کیا۔ کنڈان شاہپور، پرانا پل خوشاب، حسین آباد، ٹھٹھی گنجیرا، ہائی سکول ہموکہ اور لنگر والا پل سمیت مختلف مقامات پر انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر افسران نے کمشنر اور آر پی او کو جاری اقدامات اور موجود وسائل پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ کے مطابق خوشاب پل پر پانی کا بہائو اس وقت 21,660 کیوسک ہے، جبکہ رسول بیراج سے گزشتہ روز 1 لاکھ 27 ہزار کیوسک کا ریلا چھوڑا گیا ہے۔ رسول بیراج پر پانی کی آمد 25,572 کیوسک ریکارڈ کی گئی۔ کمشنر جہانزیب اعوان نے تمام اداروں کو ہدایت کی کہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر ہائی الرٹ رہا جائے اور لمحہ بہ لمحہ صورتحال پر کڑی نظر رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اور موثر ردعمل کو یقینی بنایا جائے۔ فلڈ ریلیف کیمپس میں سہولیات، ریسکیو ٹیموں کی موجودگی اور رسپانس نظام کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ کسی بھی غیر معمولی صورتحال میں ضلعی انتظامیہ سے فوری رابطہ کریںاور تعاون کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں