کینبرا(سپورٹس نیوز)کرکٹ آسٹریلیا (سی اے)نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹی ٹونٹی اور ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کے لئے دو مختلف سکواڈز کا اعلان کردیا، ویسٹ انڈیز کے خلاف اس کی سرزمین پر تاریخی فتح حاصل کرنے کے بعد آسٹریلیا کی مردوں کی قومی کرکٹ ٹیم آئندہ ماہ جنوبی افریقی ٹیم کی تین ٹی ٹونٹی اور تین ون ڈے میچوں کی سیریز میں میزبانی کرے گی جس کے لئے کرکٹ آسٹریلیا نے دو مختلف 14ـ14 رکنی سکواڈز کا اعلان کیا ہے۔آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کا آغاز 10 اگست کو پہلے میچ سے ہوگا۔ مایہ ناز بلے باز ٹریوس ہیڈ اور فاسٹ بائولر جوش ہیزل ووڈ کی جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز کے لیے محدود اوورز کے سکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔دونوں کھلاڑی ویسٹ انڈیز کے خلاف اس کی سرزمین پر ٹی ٹونٹی سیریز میں 0ـ5 سے فتح حاصل کرنے والے آسٹریلوی سکواڈ کا حصہ نہیں تھے۔پیٹ کمنز کی غیر موجودگی میں ٹی ٹونٹی اور ون ڈے سیریز میں مچل مارش آسٹریلوی سکواڈ کی قیادت کریں گے۔سٹیو سمتھ اور گلین میکسویل کی حالیہ ریٹائرمنٹ کے بعد ون ڈے سیریز کے لئے مڈل آرڈر میں سلیکٹرز نے مچل اوون کو سکواڈمیں شامل کیا ہے۔اس کے علاوہ شان ایبٹ، جیک فریزر میک گرک، تنویر سنگھا، کوپر کونولی اور ایرون ہارڈی کو زیویئر بارٹلیٹ اور لانس مورس کو ون ڈے سکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ چیئر آف سلیکٹر جارج بیلی نے کہا ہے کہ ڈومیسٹک سیریز میں ٹی ٹونٹی سیریز کے لئے ٹریوس ہیڈ اور جوش ہیزل ووڈ کی واپسی کے ساتھ ٹیم مزید مضبوط ہوجائے گیا۔انہوں نے کہا کہ ٹی ٹونٹی سیریز کا آغاز 10 اگست کو ڈارون میں ہونے والے ابتدائی میچ کے ساتھ ہوگا۔




